Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ملائم سنگھ نے مخالفین کے ارمانوں پر پانی پھیر دیا

    لکھنؤ۔۔۔۔۔۔سماج وادی پارٹی  کے سرپرست ملائم سنگھ یادو نے آج پارٹی مخالفین کی تمام امیدوں اور قیاس آرائیوں پر یہ کہہ کر پانی پھیر دیا کہ سماج وادی پارٹی ایک ہے  اور کوئی بھی نئی پارٹی نہیں بنائی جائے گی ۔ آج یہاں پرہجوم پریس کانفرنس میں خطاب کررہے تھے جو لوہیا ٹرسٹ میں ہوئی۔ انھوں نے کہا کہ جن کے نظریات سوشلزم اور سماج واد میں ہیں انھیں چاہیے کہ وہ متحد ہوکر سماج وادی میں شامل ہوجائیں اس ملک کو آج سیکولرازم کی سخت ضرورت ہے فرقہ پرست ملک کو نقصان پہنچا رہے ہیں چاہے وہ مرکز میں ہوں یا ریاست میں ، انھوں نے مودی اور یوگی کا نام لیے  بغیر کہا کہ کہیں بھی ترقیاتی کام نہیں ہورہے  یہ دونوں حکومتیں پروپیگنڈہ کے سہارے چل رہی ہیں۔ بزرگ سماج وادی لیڈر نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ہاں میری   نیک خواہشات اپنے بیٹے اکھلیش یادو کے ساتھ ہیں وہ میرا بیٹا ہے اور ہمیشہ میری  نیک تمنائیں اس کیلئے رہیں گی۔ یہ دوسری بات ہے کہ اس کے کچھ فیصلوں سے مجھے اتفاق نہیں ہے لیکن وہ پارٹی کو مضبوط بنا رہا ہے ، انھوں نے کسی کا نام لیے بغیر کہا کہ کچھ آستین کے سانپ ہیں جو پارٹی کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔ اکھلیش کو ان سے ہوشیار رہنا چاہیے۔  ذرائع ابلاغ نے جب ان عناصر کا ان سے نام پوچھا تو انھوں نے کہا کہ آپ اور اکھلیش سب جانتے ہیں مجھ سے کیوں سننا چاہتے ہیں۔ آج کی پریس کانفرنس سے لوگوں کی یہ غلط فہمیاں دور ہوگئیں کہ ملائم سنگھ یادو کسی نئی پارٹی کے قیام کا اعلان کرنے والے ہیں جیسا کہ شیو پال یادو نے بھی امید ظاہر کی تھی ، شاید اسی لیے  وہ آج کی پریس کانفرنس سے غائب نظر آئے کیونکہ ان کا مقصد پورا ہوتا نظر نہیں آرہا تھا۔

شیئر: