Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حائل ٹویوٹا انٹرنیشنل ریلی میں روایتی گھڑ سواری اور روایتی عرب مہمان نوازی

حائل گھڑ سواری کلب ’حائل ٹویوٹا انٹرنیشنل ریلی 2026‘ کے ایونٹس میں ایک منفرد تفریحی تجربہ پیش کر رہا ہے۔
’الخیل والھیل‘ کے عنوان سے یہ ایونٹ روایتی سعودی گھڑ سواری کو خطے کی مشہور مہمان نوازی کے تجربے سے جوڑتا ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق تفریحی پروگرام کے دوران شرکاء کو سعودی مہمان نوازی اور روایتی گھڑ سواری سے متعارف کروایا جائے گا، جو علاقے کی خاص پہچان ہے۔
گھڑ سواری کی ریجنل میڈیا ڈائریکٹر ھدیٰ العبید نے بتایا کہ ’وزیٹرز کو گھڑ سواری کے منفرد تجربے سے روشناس کرانا بنیادی مقصد ہے، جس کے تحت عربی النسل گھوڑوں کی خوبصورتی کو اجاگر کیا جائے گا۔‘
انہوں نے کہا کہ ’گھڑ سواری کا حائل کی تاریخ و ثقافت سے گہرا تعلق ہے جسے حائل انٹرنیشنل ریلی میں متعارف کرایا جا رہا ہے۔‘
ھدیٰ العبید کا مزید کہنا تھا کہ ’فیسٹیول میں گھڑ سواری کے پویلین میں گھڑ سواروں کی مہارت اور گھوڑوں پر ان کی دسترس کی عکاسی کی جائے گی۔ ساتھ ہی علاقے کی روایات کو نمایاں کرتے ہوئے وزیٹرز کو روایتی عرب مہمان نوازی کے منفرد تجربے سے روشناس کرایا جائے گا۔‘

پویلین میں علاقے کی تہذیب و ثقافت کو بھی نمایاں کیا گیا ہے اور فالکنز فیسیٹیول کی تصاویر اور گھڑ سواری کے لیے استعمال ہونے والی اشیا کی نمائش کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔
وزیٹرز کی تفریح کے لیے ’فیملی بیٹھک‘ کا بھی خصوصی اہتمام کیا گیا ہے، تاکہ فیملی حقیقی معنوں میں تفریح سے لطف اندوز ہو سکیں۔

 

شیئر: