جدہ کی قدیم گلیاں جہاں ماضی اور حال ساتھ ساتھ چلتے ہیں
جمعرات 29 جنوری 2026 7:09
جدہ تاریخیہ آج کل ایک ایسا ثقافتی تجربہ پیش کر رہا ہے جس میں روایتی دستکاری اور بیش قیمت سعودی میراث، مستند ماضی اور دورِ جدید کی تخلیق کے میل جول سے ایک ہو جاتے ہیں۔
جدہ میں اس نمائش کو دیکھنے کے لیے آنے والے زمانہ قدیم کی تنگ گلیوں اور بازاروں کے بارے میں معلومات حاصل کر سکتے ہیں جس سے انھیں حجاز کے فنِ تعمیر کا دل میں اتر جانے والا احساس ملتا ہے۔ ساتھ ہی انھیں معلومات کے ایک انٹرایکٹیو ماحول میں دستکاروں اور فنکاروں کی آوازوں سے آشنا ہونے کا موقع بھی دستیاب ہو جاتا ہے۔
نمائش میں خصوصی طور پر ترتیب دیے گئے سیاحتی دوروں میں ہاتھ سے بنی ہوئی اشیا اور عربی خطاطی پر بالخصوص زیادہ توجہ دی گئی ہے۔ اس طرح دیکھنے والوں کے پاس چنیدہ مقامات پر جن میں ’زاویہ 97 ‘، روایتی فنون کے رائل انسٹی ٹیوٹ (ورث) اور ’آرٹیزنز ہاؤس‘ میں دستکاروں اور فنکاروں سے براہِ راست بات چیت کرنے کا موقع بھی مل جاتا ہے۔
یہ سائٹس بُنائی، کندہ کاری، ظروف سازی اور خطاطی پر ورکشاپس کا انتظام بھی کرتی ہیں جس کی بدولت عام لوگ جو یہاں نمائش دیکھنے کے لیے آتے ہیں، ان مہارتوں کی مشق بھی کر سکتے ہیں اور مقامی طریقِ کار سے بھی واقف بھی ہو سکتے ہیں۔
’زاویہ 97‘ ایک تخلیقی مرکز کے طور پر کام کرتا ہے اور تاریخی صحنوں کو ایسے پلیٹ فارمز میں تبدیل کر دیتا ہے جہاں پروگرام میں شریک افراد اور دستکار آپس میں گھُل مِل جاتے ہیں اور ایک دوسرے سے براہِ راست گفتگو کرتے ہیں۔

ورث، روایتی سعودی فنون کو محفوظ بنانے کے پختہ عہد پر کاربند ہے اور دستکاروں اور فنکاروں کی نئی نسل کی تربیت کرتا ہے اور انھیں تخلیقی معیشت کے مواقع سے جوڑ دیتا ہے۔
وزارتِ ثقافت کی رہنمائی میں یہ انیشیٹیو، مقامی کمیونٹی اور ثقافتی اتھارٹی کے درمیان مضبوط رابطوں کو نمایاں کرتا ہے اور سعودی میراث کو مستقبل کی نسلوں کے لیے محفوظ کرتا ہے۔