Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

روئنا سنگھ بی ایچ یو کی پہلی خاتون چیف پراکٹرمقرر

وارانسی ۔۔۔۔بنارس ہندویونیورسٹی میں گزشتہ دنوں طالبات سے چھیڑخانی کے معاملے پر ہنگامے کے بعد پہلی مرتبہ خاتون چیف پراکٹر کی تقرری کی گئی۔ انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز کی پروفیسر روئنا سنگھ کو او این سنگھ کی جگہ نیا چیف پراکٹر بنایا گیا ہے۔ روئنا سنگھ بی ایچ یو کی پہلی خاتون چیف پراکٹر ہیں۔ یاد رہے کہ طالبات نے کیمپس میں لائٹ کا مناسب بندوبست ،سی سی ٹی وی کیمرے اور خاتون سیکیورٹی افسرتعینات کرنے کے علاوہ چھڑخانی بند کرانے کے مطالبے کو لیکر دھرنے پر بیٹھی تھیں ۔ پولیس کے لاٹھی چارج سے متعدد طلبہ و طالبات زخمی ہوگئے تھے۔اس ہنگامے کے بعد یونیورسٹی کے چیف پراکٹر او این سنگھ نے استعفیٰ دیدیا تھا۔بعد ازاں پروفیسر مہندر پرتاپ سنگھ کو انچارج چیف  پراکٹر بنایا گیا تھا ۔ وائس چانسلر نے طالبات کے ہاسٹل پہنچ کر ان کے مسائل کوسنا اور یقین دہانی کرائی کہ آئندہ ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے۔ یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جس میں میڈیا اور سماجی تنظیموں کی خواتین کے علاوہ ہاسٹل سطح پر طالبات کی نمائندہ کو بھی شامل کیا جائیگا ۔ انہوں نے بتایا کہ یونیورسٹی کے گیٹ کے علاوہ مختلف جگہوں پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے جارہے ہیں۔ خاتون سیکیورٹی بھی تعینات کی جارہی ہے۔ کیمپس میں اسٹریٹ لائٹس بھی لگائی جارہی ہیں اور سیکیورٹی نظام بہتر بنانے کیلئے غوروخوض کیا جارہا ہے۔

شیئر: