سعودی عرب کے سیاحتی شہر ابھا میں آسمانی بجلی گرنے سے 2 خواتین جاں بحق جبکہ ایک شدید زخمی ہوئی ہے۔ جسے انتہائی تشویشناک حالت میں ہسپتال میں داخل کردیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں
متاثرہ خاندان کے رشتہ دار شبلی الشراری نے اخبار 24 کو بتایا کہ ہم 2 خاندان القریات سے سیر و تفریح کی غرض سے ابھا کے ایک تفریحی مقام پر موجود تھے۔ اسی دوران اچانک آسمانی بجلی گری جس کی زد میں آکر ایک رشتہ دار خاتون اور اس کی 22 سالہ بیٹی موقع پر ہی دم توڑ گئیں۔
شبلی الشراری کے مطابق حادثے کے وقت خاندان کی ایک اور بیٹی بھی وہیں موجود تھی جو بجلی گرنے سے زخمی ہوگئی۔ اسے تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا۔ وہ اب بھی ابہا کے ہسپتال کے انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں زیر علاج ہے۔
الشراری نے بتایا کہ مرنے والی دونوں خواتین اس کے چچا کی بیوی اور بیٹی تھیں جبکہ زخمی لڑکی کو مزید علاج کے لیے ریاض منتقل کرنے کی تیاریاں کی جارہی ہیں۔