دیانتداری سے ٹیکس ادا کیا جائے تو ملک ترقی یافتہ معیشت میں تبدیل ہوسکتا ہے، جیٹلی
نئی دہلی ۔۔۔۔۔۔۔ وزیر خزانہ ارون جیٹلی نے کہا ہے کہ جو لوگ ملک کی ترقی کا مطالبہ کرتے ہیں انہیں اس میں خود ہی تعاون کرنا چاہئے اور دیانتداری کے ساتھ ٹیکس کی ادائیگی کرنی چاہئے۔ نیشنل اکیڈمی آف کسٹمز اکسائز اینڈ نارکوٹکس کے یوم قیام اورانڈین ریونیو آفیسر کے 67 ویں بیچ کی الوداعی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کسی بھی ملک کو چلانے کیلئے ٹیکس ضروری ہے ۔اس آمدنی کے حصول کے بعد ہی ہندوستان ترقی پذیر ملک سے ترقی یافتہ معیشت میں بدل سکتا ہے۔ معاشرے میں لوگ ٹیکس کی ادائیگی کو اہمیت نہیں دیتے لیکن وقت بدلنے کے ساتھ اب لوگوں کی ذہنیت تبدیل ہورہی ہے اور وہ یہ محسوس کرنے لگے ہیں کہ ٹیکس کی ادائیگی کی جانی چاہئے۔ اب ہر قسم کے ٹیکس کوضم کرنے کی ضرورت ہے۔ اگر ٹیکس کے ڈھانچے میں ایک مرتبہ تبدیلی کر دی جاتی ہے تو بہتری کے امکانات میں اضافہ ہوجاتا ہے۔ وزیرخزانہ نے ٹیکس کی ادائیگی کیلئے لوگوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ٹیکس کے معاملے میں کسی طرح کی کوتاہی کی کوئی گنجائش نہیں ہونی چاہئے۔ ٹیکس حکام کو اس کیلئے سختی سے کام کرنا چاہئے اور جو افراد ٹیکس کی ادائیگی نہیں کر رہے انہیں ادائیگی کو یقینی بنایا جانا چاہئے لیکن جو لوگ ٹیکس کے دائرے میں نہیں آتے ان پر غیر ضروری بوجھ بھی نہیں ڈالا جانا چاہئے۔