Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی ایس ایل: غیر ملکی کھلاڑیوں کو فی میچ 10ہزار ڈالر ملیں گے

لاہور:پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) نے پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن کے میچز کیلئے پاکستان آنے والے غیر ملکی کھلاڑیوں کو فی میچ 10ہزار ڈالر دینے کا فیصلہ کیا ہے۔بورڈ کی جانب سے خطیر رقم دینے کا فیصلہ کرنے کا مقصد غیرملکی کھلاڑیوں کو پاکستان آکر کھیلنے پر آمادہ کرنا ہے۔ یہ رقم دیگر رقوم کے علاوہ ادا کی جائے گی۔اس سلسلے میں پی سی بی غیر ملکی کھلاڑیوں کے معاہدے میں ایک اضافی شق شامل کرے گا۔بورڈ ذرائع نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ غیرملکی کھلاڑیوں کیلئے فی میچ10 لاکھ روپے اضافی حاصل کرنا برا انتخاب نہیں ہو گا کیونکہ پی سی بی لیگ کے تیسرے ایڈیشن کے فائنل سمیت 6 سے8 میچز پاکستان میں کرانے پر غور کر رہا ہے لہٰذا اگر کوئی کھلاڑی صرف پاکستان میں 3میچز کھیلتا ہے تو وہ باآسانی 30ہزار ڈالر کما لے گا۔مارچ 2009 ءمیں سری لنکن ٹیم پر حملے کے بعد آئندہ 8 سالوں تک پاکستان عالمی کرکٹ کی میزبانی سے محروم رہا اور اس دوران زمبابوے کے علاوہ کسی بھی ٹیسٹ ٹیم نے پاکستان کا دورہ نہیں کیا۔ تاہم رواں سال پی ایس ایل فائنل کے لاہور میں کامیاب انعقاد کے بعد پاکستان نے گزشتہ ماہ آزادی کپ کیلئے پاکستان آنے والی ورلڈ الیون کی میزبانی کی جسے ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کا نقطہ آغاز قرار دیا گیا۔گزشتہ دو سال کے دوران سیکیورٹی صورتحال میں نمایاں بہتری آنے کے بعد ملک میں عالمی کھیلوں کی بحالی کے روشن امکانات ہےں اور سیکیورٹی کلیئرنس ملنے پر سری لنکن ٹیم بھی لاہور میں ایک ٹی20 میچ کھیلے گی جس کے بعد ویسٹ انڈین ٹیم کا دورہ پاکستان بھی متوقع ہے۔

شیئر: