Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انصاف ویلفیئر سوسائٹی کااظہار یکجہتی اجلاس

مسلمان مختلف فرقوں اورگروہوں میں بٹ کر مشکلات کا شکار ہیں، ہمیں اللہ کی رسی کو مضبوطی سے تھامنے کی ضرورت ہے، مقررین
انصاف ویلفیئر سوسائٹی کویت کے زیر اہتمام خصوصی تقریب کا انعقاد ہوا جس میں روہنگیا اور کشمیر میں مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کی مذمت کی گئی۔ تقریب کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے فہیم بابر نے کیا اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی سعادت حاصل کی۔ تقریب کی نظامت کے فرائض انصاف ویلفیئر سوسائٹی کویت کے جنرل سیکریٹری سید صداقت علی ترمذی نے ادا کئے۔ انہوں نے دنیا کے مختلف ممالک میں مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے ظلم اور اقوام عالم کی بے حسی پر دل دہلا دینے والے حقائق حاضرین کے سامنے رکھے جس سے ہر آنکھ اشکبار اور ہر دل رنجیدہ ہوا۔ تقریب میں انصاف ویلفیئر سوسائٹی کویت کشمیر ونگ کے آرگنائزر ادیب عباسی، خطۂ جنت نظیر کشمیر سے تعلق رکھنے والے چوہدری اظہر برسالوی، وحید احمد اور شہزادہ سلطان کیف نے خاص طور پر کشمیری عوام پر مظالم کا تذکرہ کرتے ہوئے پاکستان کی کشمیر کمیٹی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستانی افواج نے مسلمانوں پر عرصہ حیات تنگ کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔اقوام متحدہ کی قرار داد کی حیثیت ان ظالموں کی نزدیک ایک کاغذ کے ٹکڑے سے زیادہ کچھ نہیں۔ انصاف رائٹرز فورم کے آرگنائزر محمد فیصل اور ڈپٹی آرگنائزر شوکت حیات گوندل ، انصاف ویمن ونگ کی آرگنائزر محترمہ صائمہ رانی، انصاف سوشل ویلفیئر ونگ کے ڈپٹی آرگنائزر شکیل احمد ملک اور سید عرفان حیدر کاظمی نے حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے امت مسلمہ کی زبوں حالی کے اسباب اور اس پر ظلم و بربریت کے خلاف اقوام متحدہ کی خاموشی پر اظہار افسوس کیا۔مقررین کا کہنا تھا کہ مسلمان مختلف فرقوں اورگروہوں میں بٹ کر ان مشکلات کا شکار ہیں۔ ہمیں اللہ تعالیٰ کے حکم کے مطابق اس کی رسی کو مضبوطی سے تھامنے کی ضرورت ہے۔ اس وقت مسلمانوں کی آبادی ڈیڑھ ارب ہونے کے باوجود زبوں حالی کا شکار ہے جس کی وجہ تعلیم سے دوری ہے۔ انصاف سوشل میڈیا کے آرگنائزر عامر روشن نے پُرمغز خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم اقوام متحدہ کی ویب سائٹ پر احتجاج ریکارڈ کروانے کی مہم شروع کر چکے ہیں۔ انہوں نے حاضرینِ مجلس کو اس کا طریقہ کار بتایا۔ انصاف سوشل ویلفیئر کے آرگنائزر الحاج محمد ریاض انجم اور انصاف ویلفیئر سوسائٹی کویت کے جنرل سیکریٹری سید صداقت علی ترمذی نے کہا کہ ملک کو ضرورت ایک ایسے شجاع و بہادر لیڈر کی ہے جو امت مسلمہ کا درد رکھتا ہو، اس کے لئے کچھ کرنے کا ارادہ رکھتا ہو۔انہوں نے بتایا کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نہ تو پاکستان کے سربراہ ہیں اور نہ ہی اپوزیشن لیڈرمگر انہوں نے اقوام متحدہ کے جنرل سیکریٹری کو سخت الفاظ میں خطوط لکھ کر روہنگیا اور کشمیر کے مسلمانوں پر ظلم و بربریت کا نوٹس لینے کا کہا۔ تقریب کے اختتام پر الحاج محمد ریاض انجم نے کویت، پاکستان اور امت مسلمہ کی ترقی و خوشحالی کیلئے خصوصی دعا کی۔

شیئر: