عید کے دنوں میں بارش اور ژالہ باری کا امکان: مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ چھٹیوں کو متاثر کرے گا؟
ممکنہ خطرات کے پیشِ نظر تمام صوبائی اور ضلعی انتظامی اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان میں قدرتی آفات سے نمٹنے والے محکمے نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک بھر میں 17 سے 25 مارچ تک بارشوں، گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ایک نئے سلسلے کی پیش گوئی کی ہے جس کے باعث الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔
پیر کو جاری کیے گئے الرٹ میں حکام نے بتایا ہے کہ مغربی ہواؤں کا یہ طاقت ور سلسلہ منگل سے ملک کے شمالی اور مغربی علاقوں پر اثر انداز ہونا شروع ہو جائے گا جس کے نتیجے میں اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات سمیت بالائی اور وسطی پنجاب کے مختلف شہروں بشمول لاہور، سیالکوٹ اور گوجرانوالہ میں آندھی اور ژالہ باری کا امکان ہے۔
جنوبی پنجاب کے اضلاع ملتان، بہاولپور اور ڈی جی خان میں بھی بادل برسنے کی توقع ظاہر کی گئی ہے جبکہ خیبرپختونخوا کے بیشتر علاقوں میں وقفے وقفے سے بارشوں کا سلسلہ ایک ہفتے تک جاری رہ سکتا ہے۔
این ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق اس موسمی تبدیلی کے اثرات بلوچستان پر بھی نمایاں ہوں گے جہاں 23 مارچ تک آندھی اور بارش متوقع ہے جبکہ سندھ کے بالائی علاقوں اور کراچی و حیدرآباد میں بھی کہیں کہیں بادل برس سکتے ہیں۔
گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں جہاں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی ہے، وہیں برفباری کے باعث درجہ حرارت میں کمی کا امکان ہے۔
ممکنہ خطرات کے پیشِ نظر تمام صوبائی اور ضلعی انتظامی اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔
این ڈی ایم اے کی جانب سے شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ خراب موسم کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور بجلی کے کھمبوں یا کمزور عمارتوں سے دور رہ کر احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
