Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سلمان خان کی فلم ’بیٹل آف گلوان‘ کا نام کیوں تبدیل کیا گیا اور چین کا اس سے کیا تعلق ہے؟

سلمان خان اس فلم میں ایک فوجی افسر کا کردار نبھا رہے ہیں (فوٹو: فلم پوسٹر)
بالی وُڈ اداکار سلمان خان ہدایتکار اپوروا لکھیا کی فلم میں پہلی بار ایک فوجی افسر کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ اس فلم کا نام پہلے ’بیٹل آف گلوان‘ تھا تاہم اب اسے تبدیل کر کے ’ماتر بھومی‘ رکھ دیا گیا ہے۔
فلم کے نام کی تبدیلی نے شائقین کو حیران کر دیا ہے کیونکہ کسی کو توقع نہیں تھی کہ فلم میکرز اچانک فلم کا نام بدل دیں گے۔
بالی وُڈ ہنگامہ کے مطابق اس تبدیلی کی اصل وجہ انڈیا اور چین کے درمیان موجود سفارتی حساسیت ہے۔
رپورٹ کے مطابق ’سلمان خان کو بعض سرکاری اور سسٹریٹجک حلقوں کی جانب سے مشورہ دیا گیا تھا کہ وہ فلم کے عنوان پر دوبارہ غور کریں اور چین مخالف حصوں کو بھی نرم کریں۔‘
رپورٹ کے مطابق سلمان خان نے اس مشورے کو سنجیدگی سے لیا اور فلم کو موجودہ قومی فضا کے مطابق ڈھالنے کا فیصلہ کیا۔ ’اسی وجہ سے فلم کا عنوان تبدیل کیا گیا اور کہانی کے ایک بڑے حصے میں تبدیلی کرتے ہوئے تنازع کو زیادہ تر خیالی انداز میں پیش کیا گیا۔‘
مزید بتایا گیا ہے کہ اس تبدیلی کے بعد فلم کے کئی مناظر دوبارہ فلمائے گئے جس کے باعث بجٹ میں اضافہ بھی ہوا تاہم سلمان خان اضافی اخراجات سے زیادہ پریشان نہیں ہوئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ’سکرپٹ کے ایک بڑے حصے کو دوبارہ لکھا گیا تاکہ فلم کو زیادہ جذباتی اور حب الوطنی سے بھرپور کہانی بنایا جا سکے۔‘
نئی کہانی میں سلمان خان اور اداکارہ چترانگدا سنگھ کے کرداروں کے درمیان تعلق کو بھی زیادہ نمایاں کیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق اب فلم بنیادی طور پر ایک ایسے فوجی افسر کی کہانی بن گئی ہے جو جنگ اور محبت کے درمیان توازن قائم کرنے کی کوشش کرتا ہے۔
اطلاعات کے مطابق فلم کی شوٹنگ کا بڑا حصہ مکمل ہو چکا ہے جبکہ کچھ اضافی مناظر موسم گرما میں فلمائے جا سکتے ہیں۔
فلم کی ریلیز اب جولائی سے اکتوبر کے درمیان متوقع ہے تاہم اس کا انحصار وزارتِ دفاع سے نئی ورژن کی منظوری پر ہوگا۔

شیئر: