تمام سیکولر طاقتیں متحد ہوجائیں، پرکاش کرات
حیدرآباد۔۔۔۔۔۔سی پی ایم کے پولیٹ بیورو رکن پرکاش کرات نے کہا ہے کہ بی جے پی کے ہندوتوا ایجنڈ ے کا جواب دینے کیلئے تمام سیکولر طاقتیں مشترکہ جدوجہد کریں۔آندھراپردیش کے وجئے واڑہ میں پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بی جے پی نئی آزادانہ پالیسیوں اور فرقہ واریت کو اختیار کررہی ہے تاکہ سیاسی طور پر فائدہ حاصل کیا جاسکے ۔ آر ایس ایس اور ہندوتوا طاقتوں کی مدد سے نچلی سطح پر انتہاء پسند ی کو فروغ دیا جارہا ہے ۔ فرقہ پرست طاقتوں کا کس طرح جواب دیا جائے یہ جمہوری طاقتوں کیلئے چیلنج ہے ۔ انہوںنے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی نئی آزادانہ پالیسیوں میں مزید جارحیت دکھارہے ہیں۔ انہوں نے جارحانہ نجکاری کو اختیار کیا ۔ریلویز ‘ دفاع ‘ بینکنگ ‘ کوئلہ اور کانکنی کے شعبوں میں مرحلہ وار انداز میں نجکاری کی جارہی ہے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کے کردار کو کم کیا گیا ہے ۔پارلیمنٹ کی منظوری کے بغیر کئی کام سرکاری افسروں نے کئے ہیں۔ کرات نے الزام لگایا کہ نجکاری صنعت اور خدمات کے شعبہ تک محدود نہیں ثانوی تعلیم ‘ اسکولی تعلیم اور صحت کی خدمات کی بھی نجکاری کی جارہی ہے ۔ ا نہیں نجی عوامی شراکت داری کے طریقہ کار کے ذریعہ چلایا جائے گا۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ حکومتوں کی مخالف کسان پالیسیوں کے خلاف مہاراشٹرا ‘ راجستھان اور مدھیہ پردیش کی بی جے پی زیر قیادت ریاستوں میں کسانوں نے بڑے پیمانے پر جدوجہد کا آغاز کیا ہے جو این ڈی اے زیر قیادت مرکز کی حکومت کے خلاف عوام کی بڑھتی مخالفت کی طرف اشارہ ہے۔ نئی آزادانہ معاشی پالیسیوں کو تباہی کا سامنا ہے۔انہوں نے کہاکہ بی جے پی کے فرقہ وارانہ ایجنڈے کے متبادل کے طور پر ایک جامع پروگرام کا آغاز کرنا چاہئے ۔کرات نے کہا کہ ہندوتوا طاقتوں اور انکے ایجنڈے کا جواب دینے کیلئے تمام جماعتوں کو اتحاد بناتے ہوئے جدوجہد کرنے کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ مرکز کی نجکاری کی مہم کیخلاف 9تا 11نومبر نئی دہلی میں پارلیمنٹ کا محاصرہ کرنے کیلئے 3 روزہ احتجاج کیا جائیگا۔ آنے والے دنو ںمیں ملک بھر میں احتجاج میں شدت پیدا کی جائے گی ۔