اریٹیریا کے صدر نے جدہ اسلامک پورٹ کا دورہ کیا
بحیرہ احمر گیٹ وے ٹرمینل کے بارے میں ایک پریزنٹیشن دی گئی (فوٹو: ایس پی اے)
اریٹیریا کے صدرعیسی ایزا فورکی نے سنیچر کو جدہ اسلامک پورٹ کا دورہ کیا، سعودی پورٹ اتھارٹی کے صدر سلیمان المزروع نے ان کا خیرمقدم کیا۔
ایس پی اے کے مطابق اریٹیریا کے صدر کو بحیرہ احمر گیٹ وے ٹرمینل کے بارے میں ایک پریزنٹیشن دی گئی۔ میری ٹائم ٹرانسپورٹ اور لاجسٹک میں مہارت رکھنے والی قومی کمپنی کے اہم آپریشنز اور جدید تیکنیکی سسٹمز کو اجاگر کیا گیا۔

انہوں نے کمپنی کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا۔ انہیں جدید ترین ٹیکنا لوجی اور کارکردگی سے متعلق اقدامات کے بارے میں بتایا گیا جو سعودی بندر گاہوں کی صلاحیت اور مسابقت کو بڑھاتے ہیں۔
اس دورے سے مملکت کے میری ٹائم ٹرانسپورٹ اور لاجسٹکس میں علاقائی اور بین الاقوامی تعاون کو مضبوط بنانے کے عزم کو تقویت، وژن 2030 کے مطابق عالمی تجارت کے لیے اس کی بندرگاہوں کو سٹرٹیجک ہب کے طور پر سپورٹ ملتی ہے۔

اریٹیریا کے صدر جدہ سے وطن روانہ ہوگئے۔ کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپور ٹ پر مکہ کے نائب گورنر شہزادہ سعود بن مشعل اور دیگر عہدیداروں نے انہیں رخصت کیا۔
قبل ازیں اریٹیریا کے صدر نے ریاض میں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کی، انہوں نے دو طرفہ تعلقات، مختلف شعبوں میں تعاون کے امکانات اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور کا جائزہ لیا۔
