Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فرید آباد : بیف لے جانے والوں پر گئو رکشکوں کا حملہ

    فرید آباد۔۔۔۔۔۔ریاست ہریانہ میں ایک بار پھر گئورکشکوں نے غنڈہ گردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بیف یا بھینس کا گوشت لیجانے والے 4مسلمانوں پر حملہ کردیا اور انہیں بری طرح زدوکوب کرکے شدید زخمی کردیا۔ پولیس کے موقع پر پہنچنے کے باوجود نام نہاد گئو رکشکوں نے اپنا تشدد جاری رکھا اور متاثرین کے بقول پولیس انہیں بچانے سے قاصر رہی۔ پولیس نے زخمیوں کو اسپتال ضرور داخل کرادیا مگر حملہ آوروں کو گرفتار نہیں کیا گیا۔حملہ آور گئو رکشکوں اور چاروں متاثرین کیخلاف مقدمات درج کرلئے گئے ہیں۔ پولیس کے مطابق متاثرین آزاد، شہزاد ، شکیل اور سونو کیخلاف تحفظ گائے ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے جبکہ تقریباً20نامعلوم افراد کیخلا ف تشدد کرنے کا مقدمہ دائر کیا گیا ہے۔ پولیس نے بھینس کے گوشت کو ضبط کرلیا اور اسکے نمونے جانچ کیلئے لیب بھیجدیئے ہیں۔ ساتھ ہی اس معاملے کی تحقیقات بھی شروع کردی گئی ہے۔ متاثرین میں شامل آزاد نے بتایا کہ اس نے اور اسکے ساتھیوں  نے فتح پور  سے بھینس کا گوشت خریدا تھا تاکہ اسے پرانے فرید آباد میں فروخت کرسکیں جہاں گوشت کی مارکیٹ ہے۔ وہ گوشت فروخت کرنے کا کاروبار کرتے ہیں۔ ہر روز فتح پورسے گوشت خرید کرلاتے ہیں اور پھر پرانے فرید آباد میں فروخت کرتے ہیں۔ آزاد کے مطابق وہ گوشت لار ہے تھے کہ اچانک ہی راستے میں ان پر مذکورہ گئو رکشکوں نے حملہ کردیا اور زدوکوب کرنے کے بعد ان سے گئو ماتا کی جے ، ہنو مان کی جے کے نعرے لگانے پر زور دیا مگر انکار کرنے پر حملہ آوروں نے انہیں پھر سے پیٹنا شروع کردیا۔ پولیس آگئی مگر وہ تشدد کرتے رہے۔ پولیس نے ان پر ہی مقدمہ کردیا۔

شیئر: