بس ڈرائیورمہرخلیل دوبارہ سری لنکن ٹیم کی بس چلانے کے خواہاں
اتوار 22 اکتوبر 2017 3:00
لاہور: دہشت گردوں کے 2009ءمیں قذافی اسٹیڈیم کے باہرحملے میں سری لنکن کرکٹرز کو محفوظ طریقے سے اسٹیڈیم تک پہنچانے والے بہادر بس ڈرائیور مہرخلیل دوبارہ مہمان ٹیم کی بس چلانے کے خواہاں ہیں۔ مہر خلیل نے کہا ہے کہ گولیوں کی برسات میں مہمان کرکٹرز کی حفاظت کرنے پر آج بھی فخر محسوس کرتا ہوں۔ میری خواہش کہ سری لنکن ٹیم پاکستان آئے تو مجھے کھلاڑیوں کو ایئرپورٹ اوراسٹیڈیم لانے کی ذمہ داری دی جائے۔آئی لینڈرز کی بہادری اور حوصلے کی داد دینے کے ساتھ ان کو پاکستان میں خوش آمدید کہتا ہوں۔یاد رہے کہ 2009 ءمیں جب سری لنکن ٹیم کی بس پر دہشت گردوں نے حملہ کیا تھا تو مہر خلیل بس چلارہے تھے اورانہوں نے حاضر دماغی، انتہائی مہارت اوراپنی ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے کرکٹرز کی بس قذافی اسٹیڈیم کی جانب دوڑا دی تھی جس کے باعث تمام کھلاڑیوں کی جانیں بچ گئیں اور کوئی بڑا نقصان ہونے سے بچ گیا تھا۔سری لنکن ٹیم 29اکتوبر کو پاکستان سے سیریز کا تیسرا ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلنے کیلئے لاہور پہنچ رہی ہے۔