Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’کمرے میں بیٹھ کر روتی رہی‘، جب سُہانا خان کا آڈیشن مسترد ہوا

سہانا خان اپنی اگلی فلم ’کنگ‘ میں والد شاہ رخ خان کے ہمراہ نظر آنے والی ہیں (فوٹو: شوبز رپورٹ)
بالی وڈ سٹار شاہ رخ خان کی بیٹی سُہانا خان جلد ہی والد کے ساتھ بڑے پردے پر دکھائی دینے والی ہیں تاہم انہوں نے ایکٹنگ سے متعلق ہی ایک تلخ یاد کا ذکر کیا ہے۔
زویا اختر کی فلم ’دی آرچیز‘ سے ڈیبیو کرنے والی سہانا خان کی اگلی آنے والی فلم میں ان کے والد شاہ رخ خان بھی شامل ہوں گے اور اس کا نام ’کنگ‘ ہے۔
میڈیا کے ساتھ ایک حالیہ گفتگو میں سہانا خان نے کہا تھا کہ ان کو اداکاری میں پہلے کوئی دلچسپی نہیں تھی مگر وقت کے ساتھ ساتھ انہوں نے محسوس کیا کہ جھکاؤ ایکٹنگ کی طرف ہو رہا ہے اور بورڈنگ سکول کے دنوں میں ڈراموں میں کام کی ادھوری خواہش نے اداکاری کے حوالے سے ان کا خیال تبدیل کر دیا۔
 ہارپرز بازار ویب سائٹ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ شروع کے سکول کے برسوں میں انہیں وہاں ہونے والے ڈرامے عجیب لگتے تھے مگر بورڈنگ سکول کے دنوں میں دلچسپی پیدا ہوئی اور ایک پسندیدہ کردار کے لیے آڈیشن بھی دیا تاہم وہ ان کو نہیں دیا گیا اور کورس میں کاسٹ کیا گیا۔
ان کہنا تھا کہ اس پر وہ بہت اداس ہوئیں اور اپنے کمرے میں گھنٹوں بیٹھ کر روتی رہیں کیونکہ مسترد کیے جانے کے بعد وہ خوفزدہ ہو گئی تھیں، تاہم اس تجربے نے ان کو احساس دلایا کہ دراصل وہ ایکٹنگ کے حوالے سے کس قدر حساس تھیں۔
ان کے مطابق ’میں مایوس اور بہت پریشان تھی، میں چاہتی تھی کہ اس کردار کو ادا کر کے سٹیج پر اس کا لطف اٹھاؤں۔‘

سہانا خان نے ’دی آرچیز‘ فلم سے ڈیبیو کیا تھا (فوٹو: بالی وڈ ہنگامہ)

 ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اب جبکہ وہ اداکارہ بن چکی ہیں تو انہیں احساس ہوتا ہے کہ یہ ایک تخلیقی عمل ہے جو ان کو بہت زیادہ تحریک دیتا ہے۔
سہانا خان نے اپنی ابتدائی تعلیم ممبئی کے دھیرو بھائی امبانی انٹرنیشنل سکول سے مکمل کی ہے اور بعدازاں برطانیہ کے آرڈنگلی کالج میں داخلہ لیا۔ اس کے بعد وہ امریکہ کی نیویارک یونیورسٹی کے ڈیپارٹمنٹ ٹش سکول آف آرٹس میں بھی زیر تعلیم رہیں۔
اس سے قبل اپنی پہلی فلم میں ڈیبیو کی وجہ سے سہانا خان پہلے بھی شہ سرخیوں میں آ چکی ہیں۔
ان کے ساتھ کام کرنے والے اداکارہ ویدانگ رینا نے ایک انٹرویو ان کے ساتھ گزارے گئے وقت کے بارے میں بتایا تھا کس طرح وہ تیار ہونے میں بہت وقت لیتی تھیں۔
  ان کا کہنا تھا کہ ’لڑکے 15 منٹ میں تیار ہو جایا کرتے تھے اور پھر 40 منٹ تک ان کا انتظار کرتے رہتے تھے کیونکہ وہ میک اپ اور بالوں کی تیاری میں بہت لیتی تھیں۔‘
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’کئی بار تو ان کی ٹیم کے افراد شارٹ کے بیچ میں ہی ٹوک دیتے تھے کہ اس اینگل سے ان کے بال ٹھیک نہیں لگ رہے۔‘
 دوسری جانب سے فینز کو ’کنگ‘ کی آمد کا شدت سے انتظار ہے اور اپنے پسندیدہ اداکار کو بیٹی کے ہمراہ ایکٹنگ کرتے ہوئے دیکھنا چاہتے ہیں۔

 

شیئر: