Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کوشش ہے ورلڈ کپ کھیل سکوں، خوشی ہے ٹیم کے کام آرہا ہوں، شعیب ملک

شارجہ:سابق کپتان اور آل راونڈر شعیب ملک نے کہا ہے کہ ریٹائر ہو کر نئے کھلاڑیوں کو آگے آنے کا موقع دینا بھی کھیل کی خدمت ہے اور میں نے اسی کیریئر کے عروج پر ٹیسٹ کرکٹ سے کنارہ کشی اختیارکر لی تھی ۔ان کا کہنا تھا مختصر دورانیئے کی کرکٹ پر توجہ دینے سے کارکردگی میں تسلسل آیا ہے اور کوشش ہے کہ ورلڈ کپ تک کھیل سکوں۔ دو سال قبل انھوں نے جب ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لی تھی ۔ان کے اس فیصلے کو حیرت سے دیکھا گیا تھا لیکن شعیب ملک کہتے ہیں کہ اس فیصلے کے پیچھے ایک معقول وجہ تھی ۔عام طور پر کم ہی کرکٹرز اس انداز سے کرکٹ چھوڑتے ہیں اسی لیے سب کو حیرت ہوئی تھی کہ ڈبل سنچری بنائی، تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں 300 کے قریب رنز کیے، 11 وکٹیں لیں اور ریٹائرمنٹ لے لی لیکن میرے نزدیک کرکٹ کی خدمت صرف کھیلنے سے ہی نہیں ہوتی بلکہ نئے کھلاڑیوں کو راستہ دینے سے بھی خدمت ہوتی ہے ۔ اندازہ تھا کہ اب زیادہ عرصہ ٹیسٹ کرکٹ نہیں کھیل سکتا اسی لیے ون ڈے اور ٹی 20 پر اپنی توجہ مرکوز کرلی۔ سری لنکا کے خلاف سیریز میں اچھی کارکردگی کے بارے میں انہوں نے کہا کہ صورتحال کی مناسبت سے بیٹنگ کی کوشش کرتا ہوں اور خوشی ہے ٹیم کے کام آرہا ہوں۔ یاد رہے کہ پہلے ون ڈے میچ میں اگرچہ بابراعظم نے سنچری بنائی لیکن شعیب ملک کے 61 گیندوں پر 81 رنز کی اننگز شاندار تھی۔ شارجہ میں چوتھے ون ڈے انٹرنیشنل میں بھی ایک بار پھر وہ بابراعظم کے ساتھ کریز پر تھے۔ اگرچہ دونوں نے ایک جیسا ا سکور بنایا لیکن شعیب ملک کے 69 رنز نے پاکستانی ٹیم کو 174 کے ہدف تک پہنچانے میں بنیادی مدد فراہم کی۔اس سیریز سے پہلے شعیب ملک نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ون ڈے سیریز میں ایک سنچری اور ایک نصف سنچری بنائی۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ میری کوشش یہی ہے کہ میں اگلے ورلڈ کپ تک کھیلوں لیکن اس کا انحصار فارم اور فٹنس پر ہے۔ انہوں نے کہا یہ ٹیم گیم ہے جس میں کسی دن کسی ایک کھلاڑی کی جانب سے اچھی کارکردگی سامنے آتی ہے تو کسی دن دوسرے کی۔یہ صورتحال ٹیم کو ون ڈے اور ٹی 20 میں فتح سے ہمکنار کررہی ہے اور امید ہے کہ یہی نوجوان کھلاڑی ٹیسٹ میں بھی جلد اچھی کارکردگی دکھانا شروع کریں گے۔شعیب ملک موجودہ دور کے کرکٹرز میں مہندر سنگھ دھونی، یوراج سنگھ اور کرس گیل کے بعد سب سے زیادہ ون ڈے انٹرنیشنل کھیلنے والے بیٹسمین ہیں۔وہ پاکستان کی طرف سے ون ڈے انٹرنیشنل میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹسمینوں میں آٹھویں نمبر پر ہیں جبکہ ٹی20 انٹرنیشنل میں پاکستان کی طرف سے سب سے زیادہ 1719 رنز بنانے والے بیٹسمین بھی بن چکے ہیں۔

شیئر: