Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مدھیہ پردیش: بیٹی سے چھیڑ خانی پر مزاحمت،باپ کو زندہ جلادیا،ملزمان گرفتار

 
بھوپال۔۔ ریاست مدھیہ پردیش میں جہاں بی جے پی کی حکومت ہے بیٹی سے چھیڑخا نی پر مزاحمت کرنے  کے باعث  باپ کو  زندہ جلا کر مار ڈالا گیا۔  یہ  واقعہ ریاست کے ضلع  دموہ میں پیش آیا۔  پولیس نے شکایت پر  3 ملزمان کو  گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔  پولیس ذرائع کے مطابق  ہٹھہ تھانہ  علاقے میں  رہنے والے  45 سالہ نرمداساہو  کی  15 سالہ بیٹی سے  پڑوس میں  رہنے  والا 18 سالہ سچن  چھیڑ  چھاڑ کرتا رہتا تھا جس سے  پریشان ہوکر  نرمدا ساہو نے پہلے اس کے گھر والوں سے  شکایت کی لیکن  جب مسئلہ حل نہیں  ہوا تو  اس نے  تھانے میں ایف آئی آر درج کرا دی۔    بعدازاں ملزم  سچن نے  نرمدا کو  دھمکی دینا شروع کردی  اور رپورٹ واپس لینے کیلئے  دباؤ ڈالنے لگا۔  نرمدا کے گھر والوں کا کہنا ہے کہ  سچن اور اس کے   2  دوست راج کما ر اور  رام کمار  بھی مسلسل  اسے دھمکیاں دے رہے تھے۔   اس بارے میں  انہوں نے  پولیس کو بھی رپورٹ کردی تھی۔  تینوں ملزمان   پورے گھر  والوں کو زندہ  جلانے کی  دھمکی دے رہے تھے۔  آخر کار گزشتہ روز  ان تینوں نے  نرمدا ساہو کو پکڑ لیا اور اس پر مٹی کا تیل ڈال کر آگ لگا دی۔  ضلع کے پولیس کپتان اگر وال نے   اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے  واقعہ کی تفصیل بتائی اور کہا کہ نرمدا کو   انتہائی سنگین  حالت میں  علاج کیلئے  ضلع اسپتال  پہنچا دیا گیا جہاں  دوران علاج  وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔  انہوں نے یہ بھی کہا کہ  نرمدا کی بیٹی سے  بات کی تو اس نے  چھیڑ چھاڑ جیسی کوئی بات نہیں بتائی۔ اگروال کے مطابق پولیس نے تینوں ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے ۔ ان سے  تحقیقات کی جارہی ہے ۔ انہوں نے تنازع کی وجہ  چھیڑ چھاڑ نہ بتاکر کچھ  اور ہونا قرار دیا ہے۔  انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس واقعہ کی  اصل وجہ کیا ہے اس کیلئے گہرائی سے  تفتیش کی جارہی ہے۔  ذرائع نے بتایا کہ  نرمدا نے مرنے سے قبل جو  بیان  ریکارڈ کرایا  اس  میں بیٹی سے چھیڑ خانی کی بات کہی گئی ہے لیکن پولیس اس بات کو ماننے پر تیار نہیں۔   نرمدا کے گھر والوں کا کہنا ہے کہ  ملزمان حکمراں جماعت بی جے پی سے تعلق رکھتے ہیں جس کے نتیجے میں  پولیس معاملے کو  رفع دفع کرنے کی کوشش کررہی ہے۔  انہیں یقین ہے کہ  وہ  سیاسی  مداخلت کے باعث  انصاف سے محروم کردیئے جائیں گے۔ 
 
 
 

شیئر: