Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

خفیہ کیمرے کے سامنے دیدہ دلیری پرجیل

کارڈیف....  سائیکلوں اور موٹر سائیکلوں وغیرہ کی چوری تقریباً تمام بڑے شہرو ںمیں ہوتی ہے۔ کہیں کم کہیں زیادہ مگر ایسے واقعات آئے دن پیش آتے رہتے ہیں۔ سائیکلیں وغیرہ چرانے کا ہنر بھی رفتہ رفتہ باقاعدہ ایک فن کی حیثیت اختیار کر گیا ہے جس میں  صرف خاص قسم کے لوگ کامیا ب ہوتے ہیں۔ ایسا ہی کچھ یہاں اس وقت دیکھنے میں آیا جب ایک ماہر سائیکل چور نے جسے اندازہ نہیں تھا کہ آس پاس ہی لگے ہوئے خفیہ کیمرے اسے دیکھ رہے ہیں  صرف 40سیکنڈ میں سائیکل چرائی اور بڑے اطمینان سے وہاں سے بھاگ گیا۔ اطلاعات کے مطابق سائیکل 600پونڈ مالیت کی تھی۔ سی سی ٹی وی کیمرے کی مدد سے اس چور کو گرفتار کرنے کے بعد جیل بھیجدیا گیا ہے۔ مگر جس مہارت اور پھرتی سے اس نے واردات کی اسکا نتیجہ یہ ہوا کہ وڈیو فوٹیج جاری ہوتے ہی وائرل ہوگئی اور ہزاروں لوگوں نے اسے دیکھا۔ سائیکل چور  ڈین کیرے کارڈیف کا رہنے والا ہے او راسکی عمر 37سال بتائی جاتی ہے۔ گرفتاری کے بعد جب اسے عدالت میں پیش کیا گیاتو اسکے پاس اقبال جرم کے علاوہ کوئی اور راستہ نہیں رہ گیا تھا چنانچہ عدالت نے اسے 16ہفتے کیلئے جیل بھیجدیا ہے اور مسروقہ سائیکل کے مالک کو بطور ہرجانہ سائیکل کی رقم کی ادائیگی کا حکم دیا ہے۔ جس سائیکل کو چرایا گیا وہ کیناڈول ٹریسک بائیسکل کہلاتی ہے۔ جسے اس کے مالک مسٹر کیرے نے جو خود بھی کارڈیف کے رہنے والے ہیں ایک جگہ کھڑا کرکے زنجیر لگادی تھی مگرچور اتنا ماہر تھا کہ اس نے بندھی ہوئی سائیکل چٹکی بجاتے ہوئے کھولی اور چلتا بنا۔ مسروقہ سائیکل اب اس کے پاس نہیں ہے۔ ایسا لگتا ہے کہ اس نے اسے کہیں فروخت کردیا ہے چنانچہ ہرجانے کی رقم  سے سائیکل کا مالک اب نئی سائیکل خرید سکے گا۔
 

شیئر: