سعودی عرب حرمین ریلوے کے لیے سپین سے 20 جدید ٹرینیں خریدے گا
ٹرینوں کی تعداد 55 تک اور سالانہ 30 ملین مسافر کا ہدف ہے۔ (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی ریلوے ’سار‘ نے حرمین ہائی سپیڈ ٹرین کے بیڑے میں اضافے کے لیے سپین کی کمپنی ٹیلگو کے ساتھ 20 ٹرینیں خریدنے کا معاہدہ کیا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق اس معادہے کا مقصد دونوں مقدس شہروں کے درمیان مسافروں کی بڑھتی ہوئی تعداد کو دیکھتے ہوئے ریلوے کے بیڑے میں توسیع کرنا ہے۔ ٹرینوں کی تعداد 55 تک اور سالانہ 30 ملین مسافر کا ہدف ہے۔
’سار‘ کا مزید کہنا تھا ’ نئی ٹرین 13 بوگیوں پرمشتمل ہوگی جس میں پانچ بوگیاں بزنس جبکہ آٹھ اکانومی کلاس ہوں گی۔‘
مجموعی طورپر ایک ٹرین میں 417 نشستیں ہوں گی جن میں سے 113 بزنس کلاس جبکہ 304 اکانومی۔ نئی ٹرین کا رفتار 300 کلومیٹرفی گھنٹہ تک ہوگی۔
معاہدے کے مطابق پہلی ٹرین 2028 کے آغاز میں ملے گی جبکہ 2031 تک تمام ٹرینیں مملکت کو مل جائیں گی۔
وزیرٹرانسپورٹ ولاجسٹک سروسز انجینئرصالح الجاسر کا کہنا تھا ’حرمین ریلوے کے بیڑے میں اضافہ کرنے کا اہم مقصد زائرین و وزیٹرز کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کرنا ہے تاکہ انہیں آرام دہ، محفوظ اور تیز رفتار سفر کی سہولیات فراہم کی جاسکے۔

خیال رہے اس وقت حرمین ہائی سپیڈ ریلوے کا بیڑا 35 ٹرینوں پرمشتمل ہے جس کے ذریعے مکہ مکرمہ سے مدینہ منورہ کے درمیان مسافروں کو آمد ورفت کی سہولت فراہم کی جاتی ہے۔
حرمین ٹرین کے ذریعہ حج اور عمرہ سیزن کے دوران سب سے زیادہ زائرین کو سہولت ہوتی ہے۔
