Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

موجودہ دور کا بہترین فٹبال کھلاڑی،رونالڈو،میسی،نیمار یا ہیری کین، گریزمن اور ایمباپے!

لندن :پرتگال اور رئیل میڈرڈ کےلئے کھیلنے والے اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کو لندن میں منعقدہ فیفا ایوارڈز میں رواں سال کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ہے۔ رونالڈو نے یہ ایوارڈ ارجنٹائن اور بارسلونا کی نمائندگی کرنے والے اسٹار فٹبالر اور حریف لائنل میسی کو شکست دے کر حاصل کیا۔ فٹبال کے چاہنے والے ہوں یا کھیل پر گہری نظر رکھنے والے ماہرین رونالڈو اور میسی کی بحث ان کے لیے کبھی پرانی نہیں ہوتی۔ پہلے بالکل اسی انداز میں فٹبال شائقین زین الدین زیدان اور برازیل کی طرف سے کھیلنے والے اسٹار کھلاڑی رونالڈو نزاریو کا موازنہ کرتے تھے۔ اوریجینل رونالڈو کا کیریر عروج پر تھا جب انھیں گھٹنے کی انجری اور ہائپوتھائرائڈ کی بیماری لاحق ہوگئی۔ ماہرین فٹبال آج بھی اسے کھیلوں کی دنیا کا سب سے بڑا سانحہ کہہ کر یاد کرتے ہیں۔ اپنے عروج پر رونالڈو نزاریو تقریبًا ہر میچ میں تین سے چار ڈیفینڈروں کے درمیان سے گیند نکال کر لے جاتے ہوئے نظر آتے تھے۔برازیلین رونالڈو اگر کھیل جاری رکھتے تو وہ کہاں ہوتے اور ان کا مقام کیا ہوتا یہ ایک الگ بحث ہے لیکن یہاں جو بات قابل ذکر ہے وہ یہ کہ اس زمانے میں لوئس فیگو، روبرٹیو کارلوس، مروسلو کلوزے اور راول جیسے کھلاڑی بھی موجود تھے لیکن میڈیا اور شائقین کی زیادہ توجہ زیدان اور رونالڈو پر رہتی تھی جیسا کہ آج کے دور میں یہ توجہ کرسٹیانو رونالڈو اور لائنل میسی پر مرکوزہے۔کہتے ہیں کہ30 سال کی عمرکے بعد فٹبال کھلاڑی اپنے کیریر کے آخری راونڈ میں داخل ہوجاتے ہیں، جہاں ان کے پاس زیادہ سے زیادہ 4یا5 سال کے عرصہ کا کھیل رہ جاتا ہے۔ کرسٹیانورونالڈو اس وقت 32سال کے ہیں اور لائنل میسی 30 کے ہیں۔ ان دونوں کھلاڑیوں کے بعد کونسے ایسے کھلاڑی ہیں جو ان کی جگہ لے سکتے ہیں۔حال ہی میں پیرس سینٹ جرمین کو ٹرانسفر ہونے والے 25 سالہ نیمار جونیئر کا شمار دنیا فٹبال کے بہترین ڈربلرز میں ہوتا ہے۔ رونالڈہینیو، روبرٹو کارلوس اور رونالڈو نزاریو کے بعد بہت عرصے بعد برازیل کی طرف سے ایک مکمل کھلاڑی سامنے آیا ہے۔ خاص طور پر اس وقت جب فٹبال کا گھر لاطینی امریکہ سے تبدیل ہوکر یورپ آگیا ہے۔ نیمار نہ صرف جدید فٹبال کو سمجھتے ہیں بلکہ وہ ٹیم پلیئر بھی ہیں۔بارسلونا کی طرف سے کھیلتے ہوئے نیمار، لوئس سواریز اور لائنل میسی نے شراکت میں 3 سیزنز میں 300سے زیادہ گول کیے۔دوسرے نمبر پر ہیں 26 سالہ فرنچ کھلاڑی انٹوان گریزمن۔ ہسپانوی کلب ایتھلیٹکو میڈریڈ کی طرف سے کھیلنے والے گریزمن گزشتہ سیزن میں گولز کی تعداد ٹیبل پر رونالڈو اور میسی کے بعد تیسرے نمبر پر تھے۔فرنچ کھلاڑی انٹوان گریزمن اس سال کے اختتام پر منعقد ہونے والے فیفا بلون ڈی اور اعزاز کےلئے فیورٹ ہیں ۔ تیسرے نمبر پر ہیں انگلش کھلاڑی ہیری کین۔ چاہے وہ مڈفیلڈ سے تھرو پاس ہو یا پھر ونگر کی طرف سے بھیجا گیا کراس، ہیری کین اسے پلک چھپکتے گول میں تبدیل کر دیتے ہیں۔ ٹاٹنہم ہاٹ سپرز کی طرف سے فارورڈ کی پوزیشن پر کھیلنے والے ہیری کین کو 'ڈیڈلیئسٹ فنشر آف دی گیم' کہا جارہا ہے۔انھوں نے پچھلے گیارہ میچوں میں15 گول کئے ہیں۔چوتھے نمبر پر فرانس کی قومی ٹیم اور پی ایس جی کی طرف سے فارورڈ پوزیشن پر کھیلنے والے 18 سالہ کائلن ایمباپے ہیں۔ایمباپے نے گزشتہ سیزن میں موناکو کی طرف سے کھیلتے ہوئے15 گول کئے تھے۔

شیئر: