سمر سیزن 2026: بحیرۂ احمر کے سمندری سیاحتی مقامات میں جدہ سرفہرست
بحیرہ احمر کے ساحل پر سمندری سیاحت اور تفریح کے ایک اہم مرکز کے طور پر جدہ اپنی شناخت مضبوط کر رہا ہے (فوٹو: ایس پی اے)
سمر سیزن 2026 کے دوران جدہ گورنریٹ بحیرۂ احمر کے کانرے ایک شاندار سیاحتی نظارہ فراہم کر رہا ہے جہاں نیلا پانی وسیع افق سے ملتا ہے۔ یہ ساحل آنے والوں کو صرف سمندر کے کنارے تک محدود نہیں رکھتا بلکہ کشتی رانی، واٹر سپورٹس، غوطہ خوری اور نایاب مقامات کی دریافت جیسے یادگار تجربات بھی فراہم کرتا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق اس کے پانیوں میں موتیوں کی مالا کی طرح جزیرے بکھرے ہوئے ہیں، جن کے گرد رنگ برنگی اور متنوع مرجان کی چٹانیں موجود ہیں جو جدہ کو سیاحت کی دنیا میں ایک نمایاں مقام دیتی ہیں۔
جدہ بحیرۂ احمر کے ساحل پر سمندری سیاحت اور تفریح کے ایک اہم مرکز کے طور پر اپنی شناخت مضبوط کر رہا ہے۔ اس کے ساحل، قدرتی مقامات، اور آبی کھیل و سرگرمیاں آنے والوں کو تفریح، ایڈونچر اور غوطہ خوری کا بہترین موقع فراہم کرتے ہیں۔
اس وقت 13 ساحلوں اور سمندری مقامات پر سیاحتی سرگرمیاں عروج پر ہیں جن کی دیکھ بھال کے لیے 34 فیلڈ سپروائزرز اور 66 مرد و خواتین لائف گارڈز پر مشتمل ٹیم فعال ہے۔
یہ اقدامات نہ صرف سیاحوں کی حفاظت کو یقینی بناتے ہیں بلکہ عملی تیاریوں کو بھی بہتر بناتے ہیں تاکہ آنے والوں کا تجربہ شاندار رہے۔
سیاح چار مختلف سمندری کھیلوں اور تجربات کے ساتھ ساتھ جزائر اور مرجان کی چٹانوں (کورل ریفس) کے سائٹس کے لیے کشتی کے سفر کا انتخاب کر سکتے ہیں۔
یہ سرگرمیاں انہیں بحیرۂ احمر کی قدرتی تنوع کو تلاش کرنے اور ایک ایسے ماحول میں پانی پر مبنی سرگرمیوں سے لطف اندوز ہونے کا موقع فراہم کرتی ہیں جو تفریح، کھیل اور قدرت کا بہترین امتزاج ہے۔

یہ تمام سہولیات سعودی عرب کے سیاحتی شعبے کی وسیع تر ترقی، بحیرۂ احمر کے مسابقتی فوائد میں سرمایہ کاری، اور سیاحتی مقاصد و پروڈکٹس کے تنوع کا حصہ ہیں۔ یہ اقدامات سعودی وژن 2030 کے اہداف کے عین مطابق ہیں جن کا مقصد سیاحتی شعبے کو فروغ دینا، قومی معیشت میں اس کے کردار کو بڑھانا اور عوام کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانا ہے۔
