Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’لیڈی کلاؤڈ‘: جہاں بادل، دھند اور پہاڑی چوٹیاں ایک ساتھ

یہ مقام فوٹوگرافی کے شوقین افراد کے لیے بہترین منزل بن چکا ہے ( فوٹو: ایس پی اے)
الباحہ میونسپلٹی کا ’لیڈی کلاؤڈ‘ پروجیکٹ اس کے منفرد سرمایہ کاری منصوبوں میں سے ایک اور موسم گرما کے دوران الباحہ آنے والے سیاحوں کے لیے ایک نمایاں تفریحی مقام ہے۔
یہ المندق کمشنری کے الخلب پارک میں ایک بلند مقام پر واقع ہے۔ یہاں سے تہامہ کے میدانوں اور کمشنری کے بڑے حصے کے دلکش اور وسیع نظارے دیکھے جا سکتے ہیں۔
یہ منصوبہ 29 مربع میٹر سے زیادہ رقبے پر پھیلا ہے اور اس کا طرزِ تعمیر علاقے کے قدرتی مناظر کے ساتھ مکمل ہم آہنگ ہے۔ اس کا دائرہ نما ڈیزائن سیاحوں کو مختلف مقامات سے ارد گرد کے حسین مناظر سے لطف اندوز ہونے کا موقع فراہم کرتا ہے۔
یہاں سے بادل، دھند، پہاڑی سلسلےاور تہامہ کے میدانوں کا ایک حسین امتزاج نظر آتا ہے، سیاح چوٹی سے غروبِ آفتاب کے دلکش مناظر اور وسیع و عریض نظارے اپنے کیمرے میں قید کر سکتے ہیں۔
 یہ مقام فوٹوگرافی کے شوقین اور موسم گرما میں قدرتی مناظر کے متلاشی افراد کے لیے ایک بہترین منزل بن چکا ہے۔

اس منصوبے میں فوٹوگرافی کے لیے ڈیزائن کیے جانے والے 15 دلکش جمالیاتی فن پارے موجود ہیں جن میں سے کچھ کو الباحہ کے ماحول اور قدرتی شناخت سے متاثر ہو کر بنایا گیا ہے۔
یہ بصری کشش کا باعث بننے والے مقامات ہیں جہاں سیاح قدرتی مناظر کے درمیان اپنی یادگاری تصاویر بنا سکتے ہیں۔

المندق کمشنری میں ’دی لیڈی کلاؤڈ‘ پروجیکٹ سیاحتی مقامات کے تنوع میں اضافے کے ساتھ علاقے کے قدرتی وسائل سے بھرپور فائدہ اٹھانے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
یہ منصوبہ پہاڑی مناظر کے ساتھ جدید سہولتوں اور خدمات کا ایک ایسا امتزاج پیش کرتا ہے جو الباحہ کے موسم گرما کے دوران مقامی باشندوں اور سیاحوں کے تجربے کو مزید خوشگوار بنا دیتا ہے۔

 

شیئر: