امام ترکی رائل ریزرو میں تین عربی غزال کی پیدائش
امام ترکی بن عبداللہ رائل ریزرو 91500 سکوائر کلومیٹر پر پھیلا ہوا ہے ( فوٹو: ایس پی اے)
امام ترکی بن عبداللہ رائل نیچر ریزرو ڈیویلمپنٹ اتھارٹی کے مطابق 2026 کی دوسری سہ ماہی کے دوران التیسیہ علاقے میں تین عربی غزال کی پیدائش ہوئی ہے۔
ایس پی اے کے مطابق یہ معدومیت کے خطرے سے دوچار جنگلی حیات کے انواع کے تحفظ کے پروگرام میں پیشرفت کی عکاسی ہے۔
ریزرو میں معدومیت کے خطرے سے دوچار ان جانوروں کو افزائش نسل کے لیے ان کے مزاج کے مطابق قدرتی ماحول فراہم کیا گیا ہے۔
یہ عربی غزال کی آبادی میں اضافے، انہیں قدرتی مسکن میں دوبارہ آباد کرنے اور ریزرو کے اندر حیاتیاتی تنوع کی پائیداری کو بڑھانے میں افزائش نسل کی کوششوں کی کامیابی کو بھی اجاگر کرتی ہے۔
واضح رہے امام ترکی بن عبداللہ رائل ریزرو، مملکت کے شمال مشرق میں جنگلی حیات کا دوسرا سب سے بڑا قدرتی ٹھکانہ ہے۔ یہ ریزرو 91 ہزار 500 سکوائر کلومیٹر پر پھیلا ہوا ہے۔

اِس کی حدود پانچ انتظامی ریجنوں تک پھیلی ہوئی ہیں جن میں الجوف، حائل، حدودِ شمالیہ، قصیم اور مشرقی ریجن شامل ہیں۔ یہ ریزرو اپنے متنوع قدرتی مسکنوں کی وجہ سے ممتاز حیثیت رکھتا ہے جس کی گوں ناگوں اور منفرد جغرافیائی ساخت ہے۔
یہی وجہ ہے کہ یہ محفوظ ریزرو مختلف انواع کی جنگلی حیات اور نباتات کی کئی اقسام کے لیے انتہائی سازگار اور موزوں ماحول فراہم کرتا ہے۔
