Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بین اسٹوکس کے بغیر ایشز میں کامیابی سمیٹیں گے، انگلش کپتان جوئے روٹ

لندن: انگلینڈ کی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان جوئے روٹ نے کہا کہ انگلش ٹیم اپنے مایہ ناز آل راﺅنڈر اور سابق نائب کپتان بین اسٹوکس کے بغیر بھی ایشز میں شرکت اور کامیابی کے لئے تیار ہے۔ گزشتہ روز روایتی سیریز کے لئے آسٹریلیا روانگی کے موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے انگلش کپتان کا کہنا تھاکہ دورہ آسٹریلیا سے لطف اندوز ہونے کے لئے ضروری ہے کہ ہم صرف اپنے کھیل پر توجہ دیں اور فرصت کے اوقات اپنی مرضی سے گزاریں۔انگلش ٹیم اس مرتبہ اپنے اعزاز کا دفاع کرنے جارہی ہے لیکن بین اسٹوکس کی اس سیریز میں شرکت کا معاملہ ابھی طے نہیں ہو پایا ۔ آل راونڈر مار دھاڑ کے ایک واقعے میں ملوث ہونے اور گرفتاری و رہائی کے بعد سے ساتھی کھلاڑی ایلکس ہیلز کے ساتھ معطلی کا شکار ہے اور اسے ٹیم کے ساتھ بھیجنے کا فیصلہ نہیں ہو سکا۔اسٹوکس کی ممکنہ عدم موجودگی نے انگلش بیٹنگ لائن کے لئے مسائل پیدا کر دیئے ہیں۔روٹ نے کہا یہ صورتحال ہمارے لئے تشویش کا باعث ضرور ہے لیکن ہم خوفزدہ ہر گز نہیں اور اس سیزن میں جس طرح کامیابیاں سمیٹتے رہے ہیں اس سلسلے کو آگے بڑھانے کے لئے پر امید ہیں۔ٹیم میں ایسے کھلاڑی موجود ہیں جو ہر قسم کی صورتحال میں مثبت نتائج دے سکتے ہیں اورہم نے اسٹوکس کی ممکنہ عدم دستیابی کو بھی مد نظر رکھ کر منصوبہ بندی کی ہے۔دریں اثناءانگلینڈ کے دو باشندوں نے آل راونڈر بین اسٹوکس کو ہیرو قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ ماہ برسٹل میں ہمیں حملہ آوروں سے بچانے کےلئے اسٹوکس نے مداخلت کرتے ہوئے مار پیٹ کی تھی۔25ستمبر کے اس واقعے کے بعد برسٹل پولیس نے کچھ دیر اسٹوکس کو حراست میں رکھا تاہم کوئی فرد جرم عائد نہیں کی۔ پولیس نے تحقیقات میں مدد کے لئے عینی شاہدین سے سامنے آنے کی اپیل کی تھی اور اب بلی اوکونیل اور کائی بیری نامی یہ اشخاص سامنے آئے ہیں اور ان کا کہنا تھا کہ ہم اسٹوکس کے شکر گزار ہیں اس نے ہمیں حملہ آوروں سے بچایا ، وہ اصل ہیرو ہے جس نے اس معاملے میں خود کو خطرے میں ڈالا۔ہمیں علم نہیں تھا اسٹوکس اور ہیلز مشہور کرکٹرز ہیں کیونکہ ہمیں اس کھیل سے کوئی دلچسپی نہیں۔ ان دونوں کے بیان سے انگلش آل راونڈر کے لئے صورتحال بہتر ہونے کی امید ہے جو اس واقعے کے باعث ٹیم سے باہر ہونے کے ساتھ ساتھ اسپانسر کمپنیوں سے بھی محروم ہو گئے تھے۔ 
 
 
 

شیئر: