Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایپسٹین فائلز میں مودی کا نام، ’امریکی صدر کے فائدے کے لیے اسرائیل میں ناچے‘

کانگریس رہنما پون کھیڑا نے اس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ’یہ قومی شرمندگی کی بات ہے۔‘ (فوٹو: انڈین ایکسپریس)
انڈیا نے جیفری ایپسٹین کی فائلز میں وزیراعظم نریندر مودی سے متعلق کیے گئے ذکر کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے اسے ’ایک سزا یافتہ مجرم کی گھٹیا اور بے بنیاد بکواس‘ قرار دیا ہے، جو ’سخت ترین نفرت ساتھ مسترد کیے جانے کے قابل‘ ہے۔
امریکی حکام نے حال ہی میں اس سزا یافتہ جنسی سمگلر سے متعلق نئی فائلیں جاری کی ہیں۔
بلومبرگ کے مطابق امریکی محکمۂ انصاف نے جمعے کو ایپسٹین سے متعلق 30  لاکھ صفحات پر مشتمل مواد جاری کیا، جو ایک سزا یافتہ جنسی مجرم تھا۔
جولائی 2017 کی ایک ای میل میں، جو ’وائے جبور‘ نامی شخص کے نام تھی، ایپسٹین نے مودی کے اسرائیل دورے کا حوالہ دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ انڈین وزیراعظم نے ’مشورہ لیا اور امریکی صدر کے فائدے کے لیے اسرائیل میں گایا اور رقص بھی کیا۔ وہ چند ہفتے قبل ملے تھے۔ یہ کام کر گیا۔‘
انڈین وزارتِ خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے جمعرات کو ایک بیان میں کہا کہ ’ہم نے نام نہاد ایپسٹین فائلز میں شامل ایک ای میل کے بارے میں رپورٹس دیکھی ہیں، جس میں وزیراعظم اور ان کے اسرائیل دورے کا ذکر ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’وزیراعظم کے جولائی 2017 کے سرکاری اسرائیلی دورے کی حقیقت کے علاوہ، اس ای میل میں باقی تمام اشارے ایک سزا یافتہ مجرم کے گھٹیا خیالات کے سوا کچھ نہیں، جنہیں انتہائی حقارت کے ساتھ رد کر دینا چاہیے۔‘
یہ ای میل ان تحقیقاتی دستاویزات میں شامل ہے جو امریکی محکمۂ انصاف نے جمعے کو جاری کیں۔
امریکی محکمۂ انصاف نے امریکی کانگریس کے منظور کردہ قانون کے مطابق 35  لاکھ صفحات اور دو ہزار ویڈیوز جاری کیں۔

کانگریس  رہنما پون کھیڑا نے اس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ’یہ قومی شرمندگی کی بات ہے کہ جیفری ایپسٹین سے وزیراعظم نریندر مودی نے ’مشورہ لیا اور اسرائیل میں امریکی صدر کے فائدے کے لیے ناچ گانا کیا۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’انڈیا کے وزیراعظم کی ایسے بدنام زمانہ شخص سے قربت رہی اور اس پر سنگین سوالات اٹھتے ہیں۔‘
ان کے مطابق ’ایپسٹین اور نریندر مودی کے درمیان یہ ناقابلِ معافی تعلق قومی وقار اور بین الاقوامی ساکھ کا معاملہ ہے، جو خود وزیراعظم سے فوری جوابدہی کا تقاضا کرتا ہے۔‘

 

شیئر: