Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈر19 ورلڈ کپ: پاکستان کو 58 رنز سے شکست، انڈیا سیمی فائنل میں

پاکستان کی جانب سے محمد صیام نے دو وکٹیں حاصل کیں (فوٹو: آئی سی سی)
انڈر19 ورلڈ کپ کے سُپر سکسز کے اہم ترین میچ میں انڈیا نے پاکستان کو 58 رنز سے شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔
اتوار کو بلوائیو میں 253 رنز کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم 194 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ گرین شرٹس کی جانب سے عثمان خان نے 66 اور حمزہ ظہور نے 42 رنز بنائے۔ 
انڈیا کی جناب سے کلیان پٹیل اور آیوش مہاترے نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔
پاکستان نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا انتخاب کیا تھا اور انڈین ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 252 رنز بنائے۔
انڈیا کی جانب سے ویدانت تریویدی 68 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ پاکستان کی جانب سے عبدالسبحان نے تین وکٹیں حاصل کیں۔

انڈیا کی اننگز

انڈیا کی جانب سے اننگز کا آغاز ایرون جارج اور ویبھو سوریاونشی نے کیا، تاہم ایرون جارج زیادہ دیر کریز پر نہ ٹھہر سکے اور 25 گیندوں پر 16 رنز بنا کر عبدالسبحان کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔
ویبھو سوریاونشی نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 22 گیندوں پر 30 رنز سکور کیے، جس میں پانچ چوکے اور ایک چھکا شامل تھا، تاہم وہ محمد صیام کی گیند پر وکٹ کیپر حمزہ ظہور کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔
کپتان آیوش مہاترے اس میچ میں کوئی خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے اور صرف دو گیندوں کا سامنا کرنے کے بعد صفر پر محمد صیام کی گیند پر وکٹ کیپر حمزہ ظہور کو کیچ دے بیٹھے۔
ابتدائی وکٹیں گرنے کے بعد ویدانت تریویدی نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 98 گیندوں پر 68 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، جس میں دو چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ وہ مومن قمر کی گیند پر فرحان یوسف کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔
اس کے بعد وہان ملہوترا نے 43 گیندوں پر 21 رنز بنائے تاہم وہ احمد حسین کی گیند پر کیچ اینڈ بولڈ ہو گئے، جبکہ وکٹ کیپر بیٹر ابھیگیان کنڈو 27 گیندوں پر 16 رنز بنا کر علی حسن بلوچ کی گیند پر عبدالسبحان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔

ویدانت تریویدی نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 68 رنز بنائے (فوٹو: آئی سی سی)

آر ایس امبریش نے 38 گیندوں پر 29 رنز کی مفید اننگز کھیلی، تاہم وہ علی رضا کی گیند پر وکٹ کیپر حمزہ ظہور کو کیچ دے بیٹھے۔ آخر میں کنشک چوہان نے 29 گیندوں پر 35 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، جس میں چار چوکے اور ایک چھکا شامل تھا، جبکہ کھلن پٹیل نے 15 گیندوں پر 21 رنز بنائے، تاہم دونوں عبدالسبحان کا شکار بنے۔
دیپیش دیویندرن ایک رن بنا کر رن آؤٹ ہوئے، جبکہ ہینل پٹیل ایک رن کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ انڈیا انڈر 19 کی اننگز میں مڈل اور لوئر آرڈر نے مزاحمت کی، تاہم پاکستانی بولرز کی مؤثر بولنگ کے باعث ٹیم بڑا سکور بنانے میں ناکام رہی۔
پاکستان کی جانب سے عبدالسبحان نے تین، محمد صیام نے دو جبکہ علی رضا، احمد حسین، مومن قمر اور علی حسن بلوچ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

انڈیا کی پلیئنگ الیون

انڈیا کی پلیئنگ الیون میں ایرون جارج، ویبھو سوریاونشی، آیوش مہاترے (کپتان)، ویدانت تریویدی، وہان ملہوترا، ابھیگیان کنڈو (وکٹ کیپر)، آر ایس امبریش، کنشک چوہان، کھلن پٹیل، دیپیش دیویندرن اور ہینل پٹیل شامل ہیں۔

پاکستان کی پلیئنگ الیون

پاکستان کی پلیئنگ الیون میں حمزہ ظہور (وکٹ کیپر)، سمیر منہاس، عثمان خان، احمد حسین، فرحان یوسف (کپتان)، حذیفہ احسن، علی حسن بلوچ، عبدالسبحان، مومن قمر، محمد صیام اور علی رضا شامل ہیں۔

شیئر: