تین میچوں پر مشتمل ٹی20 سیریز کے آخری میچ میں پاکستان نے آسٹریلیا کو 111 رنز سے شکست دے کر سیریز میں وائٹ واش کر دیا ہے۔
اتوار کو لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں 208 رنز کے تعاقب میں آسٹریلیا کی پوری ٹیم 17ویں اوور میں 96 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
پاکستان کی جانب سے محمد نواز نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے پانچ وکٹیں حاصل کیں۔
آسٹریلیا کی جانب سے سات کھلاڑی ڈبل فیگر میں داخل نہ ہو سکے۔
مزید پڑھیں
-
دوسرا ٹی20: آسٹریلیا کو شکست، پاکستان کی سیریز میں 0-2 سے فتحNode ID: 900125
اس سے قبل پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے مقررہ 20 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 207 رنز بنائے تھے۔
پاکستان کی جانب سے بابر اعظم 50 اور صائم ایوب 56 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، جبکہ شاداب خان نے 46 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔
آسٹریلیا کی اننگز
آسٹریلیا کی اننگز کا آغاز مچل مارش اور میتھیو شارٹ نے کیا تاہم دونوں اوپنرز زیادہ دیر کریز پر نہ ٹھہر سکے۔ کپتان مچل مارش صرف ایک رن بنا کر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر بولڈ ہو گئے، جبکہ میتھیو شارٹ چار گیندوں پر دو رنز بنا کر محمد نواز کی گیند پر بابر اعظم کو کیچ دے بیٹھے۔
ابتدائی وکٹیں گرنے کے بعد کیمرون گرین اور میٹ رینشا نے اننگز کو سنبھالنے کی کوشش کی تاہم رینشا بھی چھ گیندوں پر ایک رن بنا کر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔
کیمرون گرین نے مزاحمتی بیٹنگ کرتے ہوئے 24 گیندوں پر 22 رنز سکور کیے، جس میں دو چوکے شامل تھے، مگر وہ محمد نواز کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔ مارکس سٹوئنس نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے 22 گیندوں پر 23 رنز بنائے، جس میں تین چوکے شامل تھے تاہم وہ بھی محمد نواز کا شکار بنے۔
وکٹ کیپر بیٹر جوش فلپ نے 15 گیندوں پر 14 رنز کی اننگز کھیلی، مگر وہ محمد نواز کی گیند پر متبادل فیلڈر صاحبزادہ فرحان کو کیچ دے بیٹھے۔
What a performance to clinch a series whitewash over Australia
Pakistan register their third-highest margin of victory in T20Is! #PAKvAUS | #MateWeAreReady | #BackTheBoysInGreen pic.twitter.com/74NqyEbJcz
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) February 1, 2026
مچل اوون نے 10 گیندوں پر آٹھ رنز بنائے لیکن وہ ابرار احمد کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہو گئے، جبکہ کوپر کونولی کھاتہ کھولے بغیر ہی محمد نواز کی گیند پر وکٹ کیپر خواجہ نافع کے ہاتھوں سٹمپ آؤٹ ہو گئے۔
آخر میں بین ڈوارشوئیس آٹھ گیندوں پر سات رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، جبکہ میتھیو کنیمن آٹھ گیندوں پر پانچ رنز بنا کر نسیم شاہ کی گیند پر فخر زمان کو کیچ دے بیٹھے۔ ایڈم زمپا انجری کے باعث بیٹنگ کے لیے نہیں آ سکے۔
پاکستان کی جانب سے محمد نواز نے پانچ، شاہین آفریدی نے دو جبکہ ابرار احمد اور نسیم شاہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستان کی اننگز
پاکستان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا انتخاب کیا تو فخر زمان اور صائم ایوب نے اننگز کا آغاز کیا۔ فخر زمان زیادہ دیر تک کریز پر نہ ٹھہر سکے اور سات گیندوں پر 10 رنز بنا کر میتھیو شارٹ کی گیند پر کیمرون گرین کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔
صائم ایوب نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 37 گیندوں پر 56 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جس میں چھ چوکے اور دو چھکے شامل تھے، تاہم وہ میتھیو کنیمن کی گیند پر میٹ رینشا کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔
کپتان سلمان علی آغا اس میچ میں بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے اور تین گیندوں پر پانچ رنز بنا کر بین ڈوارشوئیس کی گیند پر کیمرون گرین کو کیچ تھما بیٹھے۔
گذشتہ دو میچز میں ناکام رہنے والے بابر اعظم نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 36 گیندوں پر ناقابلِ شکست 50 رنز بنائے، جس میں تین چوکے اور ایک چھکا شامل تھا اور وہ آخر تک کریز پر ڈٹے رہے۔
وکٹ کیپر بیٹر خواجہ نافع نے مختصر مگر جارحانہ اننگز کھیلتے ہوئے 12 گیندوں پر 21 رنز سکور کیے، جس میں ایک چوکا اور دو چھکے شامل تھے، تاہم وہ کوپر کونولی کی گیند پر میتھیو شارٹ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔












