کانگریس کو پٹیل برادری کی دھمکی
اتوار 29 اکتوبر 2017 3:00
احمد آباد۔۔گجرات میں 9دسمبر کو نئی اسمبلی کیلئے ووٹ پڑنے والے ہیں جس کیلئے ریاست کی حکمراں جماعت بی جے پی نے زبردست مہم شروع کررکھی ہے جبکہ حریف جماعت کانگریس نے بھی عوام کواپنے پالے میں لانے کیلئے ہر طرح کی آزمائش کا آغاز کردیاہے۔ مبصرین کے مطابق گجرات میں بی جے پی کو کانگریس کی جانب سے سخت ٹکر دینے کا امکان ہے لیکن ایک سروے رپورٹ کے مطابق بی جے پی اس بار بھی ریاست میں حکومت بناسکتی ہے۔ قبل ازیں دونوںہی پارٹیاں ریاست میں پٹیل برادری اور دلتوں کو ہموار کرنے میں جت چکی ہیں۔ بی جے پی حکومت میں گائے کی کھال اتارنے کے معاملے پر گئو رکشکوں نے جس طرح دلتوں پر تشدد کیا تھا اس کے پیش نظر وہ پارٹی سے علیحدہ ہوگئے ہیں جبکہ پٹیل برادری کو ریزرویشن دینے کے معاملے میں ہاردک پٹیل نے جو مہم چلا رکھی ہے اسے کمزورکرنے کی خاطر ریاست کی بی جے پی حکومت نے ہاردک کومتعدد مقدمات میں پھنسا دیا ہے جسکا احساس پٹیل برادری کو ہوچکا ہے اور وہ بھی اب بی جے پی کی مخالفت پر اترآئی ہے۔ ادھر بہت سے بی جے پی لیڈرز نے کانگریس کی طرف اپنی نگاہیں ڈالنی شروع کردی ہیں اور اس بات کا امکان ہے کہ یہ ناراض بی جے پی کارکن کانگریس میں جاسکتے ہیں۔ یہی نہیں بلکہ بہت سے لیڈر کانگریس میں شمولیت اختیار بھی کرچکے ہیں۔ ان میں ہاردک پٹیل بھی ہیں جنہوں نے ابھی تک بی جے پی کو ہدف تنقید بنا رکھا ہے جبکہ ان پر کانگریس میں شمولیت اختیار کرنے کا دبائو بھی بڑھتا جارہا ہے۔ایک اطلاع یہ بھی ہے کہ ہاردک پٹیل ریاست میں انتخابات کیلئے اپنے امیدوار کھڑے کرینگے۔ ہفتے کو ہاردک پٹیل نے ایک بیان جاری کیا جس میں کہا گیا ہے کہ پٹیل برادری کیلئے ریزرویشن کے مسئلے پر کانگریس پارٹی اپنا موقف واضح کرے۔ اس طرح قیاس آرائیوں کے درمیان انہوں نے کانگریس پارٹی کو الٹی میٹم دیدیا ہے۔ ہفتے کو ہاردک پٹیل کے ٹویٹ میں کہا گیا ہے کہ 3نومبر تک کانگریس پارٹی کوآئینی ریزرویشن کیسے دیگی اسے باقاعدہ طور سے واضح کیا جائے۔ اگر اس نے یہ موقف واضح نہیں کیا تو پھر اسکا حشر بھی بی جے پی کے قومی صدر امیت شا ہ جیسا ہوسکتا ہے۔ واضح ہو کہ سورت میں بی جے پی صدر امیت شاہ کی ریلی میں ہاردک پٹیل کے کچھ حامیوں نے کافی ہنگامہ کیا تھا۔ پٹیل برادری کے لیڈروں کے اعزاز میں یہ ریلی منعقد کی گئی تھی جس میں کچھ لوگوں نے توڑ پھوڑ کی تھی اور ہاردک پٹیل زندہ باد کے نعرے لگائے گئے تھے۔ اس پروگرام کے دوران جیسے ہی امیت شاہ خطاب کرنے کیلئے اسٹیج پر پہنچے تو ہاردک ، ہاردک کے نعرے لگنے لگے۔ بعدازاں پولیس کو طلب کرنا پڑا اور اس طرح صورتحال پر قابو پایا گیا۔ ہاردک پٹیل نے کانگریس سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بھی ابتک پٹیل برادری کو ریزرویشن دینے کی جو بات کرتی رہی ہے اسکی تفصیل اور وضاحت پیش نہیں کی گئی لہذا جب تک یہ معاملہ طے نہیں ہوتا اس وقت تک پٹیل برادری کانگریس کی حمایت نہیں کرسکتی۔ اس کیلئے 3نومبر تک کی مہلت دی جاتی ہے۔