’کھٹمل کاٹ رہے ہیں‘، مسافروں کی ’انوکھی‘ شکایت پر قنطاس ایئرویز کی پرواز منسوخ
منگل 13 اکتوبر 2026 21:20
ہیلی بیگنال نے بتایا کہ ’وہ ہمارے سامان، کپڑوں، قنطاس کے کمبلوں اور یہاں تک کہ کھڑکیوں کے ساتھ بھی رینگ رہے تھے۔‘ (فوٹو: اے ایف پی)
اٹلی سے آسٹریلیا جانے والے مسافر منصوبے کے مطابق پرتھ نہیں پہنچ سکے کیونکہ جہاز میں مبینہ طور پر کھٹملوں کی موجودگی کی شکایات کے بعد پرواز منسوخ کر دی گئی۔
امریکی نیوز چینل سی این این کے مطابق آسٹریلیا کی قومی فضائی کمپنی قنطاس کو سنیچر کے روز مقررہ پرواز منسوخ کرنا پڑی، جب اس سے قبل آنے والی ایک پرواز کے مسافروں نے دورانِ سفر کیڑے کاٹنے کی شکایات کیں۔
آسٹریلوی نشریاتی ادارے نائن نیوز کے مطابق یہ شکایات 9 اکتوبر کو پرتھ سے روم جانے والی پرواز کی اکانومی کلاس میں سفر کرنے والے مسافروں کی جانب سے کی گئی تھیں۔
مسافروں میں شامل ہیلی بیگنال نے بتایا کہ ’وہ ہمارے سامان، کپڑوں، قنطاس کے کمبلوں اور یہاں تک کہ کھڑکیوں کے ساتھ بھی رینگ رہے تھے۔‘
قنطاس نے منگل کو کہا کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔ ایئرلائن نے اپنے بیان میں کہا کہ ’سنیچر کی روم سے پرتھ پرواز کی منسوخی پر ہم اپنے مسافروں سے دلی معذرت خواہ ہیں۔ اس فیصلے سے ہمارے انجینیئرز اور مینٹیننس ٹیموں کو جہاز کی مکمل صفائی کا موقع ملا، کیونکہ اکانومی کلاس کی چند نشستوں میں ایک مسئلے کی نشاندہی ہوئی تھی۔‘
ایئرلائن کا کہنا تھا کہ جہازوں کی صفائی باقاعدگی سے اعلیٰ معیار کے مطابق کی جاتی ہے۔
کمپنی کے مطابق جن مسافروں کو سنیچر کے روز سفر کرنا تھا، انہیں رہائش فراہم کی گئی اور متبادل پروازوں پر بک کر دیا گیا۔
امریکی سینٹرز فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریوینشن کے مطابق کھٹمل چھوٹے، چپٹے اور سرخی مائل بھورے رنگ کے کیڑے ہوتے ہیں جو عموماً سوتے وقت انسانوں کا خون چوستے ہیں۔ یہ دنیا بھر میں مختلف ماحول اور مقامات پر پائے جا سکتے ہیں۔
کھٹمل کے کاٹنے کے نشانات مچھر کے کاٹنے جیسے ہوتے ہیں اور ان میں سوجن اور خارش پیدا ہو سکتی ہے۔ اگر کسی شخص کو کھٹملوں سے الرجی ہو تو علامات زیادہ شدید ہو سکتی ہیں۔
