Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستانی چاول کی برآمد ات34فیصد تک پہنچانے پر”جانو“ کے اعزاز میں استقبالیہ

سعودی چاول مارکیٹ میں ہمارا مقابلہ ہند سے ہے، استقبالیہ سے ماسا کے صدر اور سیکریٹری جنرل کا خطاب
جدہ (زبیرپٹیل) جدہ میں میمن کمیونٹی (ماسا) نے پاکستانی چاول کی برآمدات 11فیصد سے بڑھا کر 34فیصد تک پہنچانے پر معروف تاجر عبدالرحیم جانو کے اعزازمیں شاندار استقبالیہ کا اہتمام کیا۔ میمن ویلفیئر کے صدر عرفان کولسا والا نے حاضرین خصوصاً فیاض عبدالقادر کا شکریہ ادا کیا۔ سیکریٹری جنرل طیب موسانی نے مہمان خصوصی کا تعارف کراتے ہوئے بتایا کہ عبدالرحیم جانو کو پاکستان کے 6سربراہوں نے برآمدات کو ریکارڈ وقت میں ریکارڈ انداز میں آگے بڑھانے پر انکی محنت، لگن اور کارکردگی کا اعتراف کرکے گولڈ میڈل پیش کئے۔ جانو بچپن سے ہی خاندان اور ملک و قوم کے مفادات کو اپنے اوپر ترجیح دیتے رہے ہیں۔ انہوں نے میڈیکل کی تعلیم سے گہرے تعلق کے باوجود والد کی خاطر کالج کو خیر باد کہہ کر کاروبار میں ہاتھ بٹایا تھا۔ انہوں نے حکومت پاکستان کے اعتماد پر پورا اترتے ہوئے چاول کی برآمدات انتہائی کم عرصے میں 300ملین ڈالر سے بڑھا کر 2ارب ڈالر تک پہنچادی۔ طیب موسانی نے حاضرین کو بتایا کہ قائم مقام وزیراعظم محمد میاں سومرو اور سابق صدر پرویز مشرف نے انہیں انکی بہترین کارکردگی کو دیکھتے ہوئے سیاست میں اعلیٰ عہدے پر فائز کرنے کی پیشکشیں کی تھیں تاہم انہوں نے انتہائی خوش اسلوبی سے معذرت کرلی تھی۔سیکریٹری جنرل نے بتایا کہ عبدالرحیم جانو فیملی فنڈ سے پاکستان اور بنگلہ دیش میں ایک فلاحی ادارہ بھی چلا رہے ہیں۔کئی مساجد کے انتظامات بھی اپنے فنڈ سے کررہے ہیں۔ وہ کسی سے اس مد میں کوئی عطیہ نہیں لیتے۔حکومت پاکستان انکے نام سے کراچی اورلاہورمیں 2سڑکیں منسوب کئے ہوئے ہے۔عبدالرحیم جانو نے استقبالیہ پر ماسا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آج وہ جو کچھ ہیں وہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم اور والدین کی دعاﺅں کا ثمر ہے۔ انہوں نے اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب کو ہمارا ملک 54فیصد چاول برآمد کررہا تھا ناقص منصوبہ بندی اور غیر ذمہ دار عناصر کو ذمہ داری تفویض کرنے کی وجہ سے برآمدات گر کر 11فیصد رہ گئی تھیں۔ مستقبل میں ہمارا ہدف برآمدات کو 54فیصد سے بھی آگے پہنچانے کا ہے۔ 34فیصد تک پہنچا دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مملکت میں ہمارا مقابلہ ہند سے ہے۔ایک مرتبہ ہندوستانی وزیراعظم واجپئی نے دہلی پہنچنے والے پاکستانی وفد سے کہا تھا کہ ہم ہندوستانی چاول مارکیٹ کو آگے لیجانے کیلئے عبدالرحیم جانو کی خدمات کے محتاج ہیں۔ جانو نے بتایا کہ اب تک مملکت میں 5بریانی فیسٹیول منعقد کراچکے ہیں مزید منعقد کرائے جائیںگے۔ تقریب کے اختتام پر میمن ویلفیئر کی جانب سے انہیں یادگاری شیلڈ پیش کی گئی۔ یونس حبیب، منصور شیوانی، رشید کاسمانی نے بھی مختصر خطاب کیا۔تقریب کے شرکاءمیں شعیب سکندر، احمد مکی اور جاوید خیرانی کی خدمات کو بھی سراہا گیا۔

شیئر: