Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انٹرنیشنل ہاکی فیسٹیول میں پاکستان کی تیسری شکست، ہیٹ ٹرک مکمل

 
سڈنی:میلبورن میں جاری 4 ملکی انٹرنیشنل ہاکی فیسٹیول میں پاکستان کی شکستوں کا سفرہیٹ ٹرک تک جا پہنچا۔نیوزی لینڈ نے بھی گرین شرٹس کے خلاف 3-2 سے فتح حاصل کرلی۔ پاکستان کی ایونٹ میں متواتر تیسری شکست ہے، ابتدائی میچ میں پاکستان کوآسٹریلیا نے9-2 گول سے ہرا یا تھا جوپاکستان ہاکی ٹیم کی تاریخ میں بدترین شکست تھی۔دوسرے میچ میں جاپان نے ایک کے مقابلے میں 3 گول سے فتح سمیٹی۔ میلبورن اسٹیٹ نیٹ بال ہاکی سینٹر میں کھیلے گئے تیسرے اور آخری میچ میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان مقابلہ قدرے بہتر نظرآیا تاہم گرین شرٹس نے ہیٹ ٹرک شکست کا تہیہ کر رکھا تھا۔ جس کے باعث گرین شرٹس 3-2 گول سے ہار کو گلے لگانا پڑا۔ میچ کے چھٹے منٹ میں پاکستان نے عمدہ موو بنائی اور عمر بھٹہ کے ذریعے ابتدائی گول کرنے میں کامیاب ہوگئی، 18 ویں منٹ میں نیوزی لینڈ کے ہیڈن فلپس نے گول کرکے مقابلہ 1-1 گول سے برابر کردیا جو دوسرے کوارٹر تک برقرار رہا۔35ویں منٹ میں پاکستان کے عماد بٹ نے گول کرکے ٹیم کو ایک بار پھر برتری دلائی تاہم صرف 3 منٹ بعد ہی جارج موئر نے گول کرکے مقابلہ دوبارہ 2-2 گول سے برابر کر دیا۔میچ ختم ہونے سے 3 منٹ قبل نیوزی لینڈ کے مارکس چائلڈ نے گول کر کے ٹیم کو برتری دلادی ۔ادھردوسرے میچ میں آسٹریلیا نے جاپان کو 6-1 گول سے ہرا کر فتوحات کی ہیٹ ٹرک مکمل کی، بلیک گوورز نے 2 جبکہ ڈینئل، جریمی ہیورڈ، جوش پولارڈ اور ٹام ویکھم نے ایک، ایک گول کیا۔نیوزی لینڈ اور جاپان کے پوائنٹس برابر ہیں تاہم بہترین گول اوسط کی بنا ءپر نیوزی لینڈکی ٹیم فائنل میں آسٹریلیا کا سامنا کرے گی جبکہ تیسری پوزیشن کیلئے پاکستان کا مقابلہ جاپان سے ہوگا۔

شیئر: