Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

میڈیکل ہیلتھ کیمپ اور خون کے عطیہ دینے کیلئے کیمپ لگائیں گے،شوکت اللہ

” اوورسیز سامنوایاگروپ“ کے اجلاس میں فیصلہ،نئے ممبرز کی شمولیت ،گروپ سارے ہندوستان کی ریاستو ں کا نمائندہ ہے
امین انصاری۔ جدہ
 ” اوورسیز سامنوایاگروپ“ کااجلاس صدر شوکت اللہ کی صدارت میں منعقد ہوا ۔ اجلاس میں حالات حاضرہ پر سیر حاصل گفتگو کی گئی اور مستقبل کے لائحہ عمل پر غور کیا گیا ۔ اس موقع پر گروپ کی کارکردگی سے اتفاق کرتے ہوئے کمیونٹی کے کئی احباب نے اپنی خدمات کو پیش کرتے ہوئے نئی ممبر شپ حاصل کی ۔
گروپ کے صدر شوکت اللہ نے کہا کہ ہمارا سامنوایا گروپ ہندوستان کے بیشتر ریاستوں کے احباب کا وہ گلدستہ ہے جو پورے ہندوستان کے تارکین وطن کی بلامذہب و ملت خدمت انجام دیتا ہے ۔ ہمارا مقصد تارکین کے مسائل خواہ وہ کفیل کے ہوں کہ قونصلیٹ سے متعلق ،حجاج کرام کی رہنمائی ہو کہ تارکین کے میڈیکل کے مسائل ہم اسے قونصلیٹ کی مدد اور اپنے کارکنوں کے تعاون سے پورے کرنے کی کوشش کرتے ہیں ۔ صدر گروپ نے کہا کہ تارکین میں حالات حاضرہ اور ملت کی خدمت کےلئے خود کوپیش کرنے کے سلسلے میں سے شعور بیداری کے پروگرام بھی گروپ کا خاصّہ ہے ۔
سامنوایا گروپ جنوری میں ہیلتھ کیمپ اور خون کے عطیہ دینے کیلئے کیمپ لگائیگا۔ ہم نے سابق میں بھی یہ کیمپ قائم کیا تھا جس میں ہزاروں احباب نے خون کا عطیہ دیا۔ انشاءاللہ امسال بھی یہ کامیاب ہوگا ۔ اس کے علاوہ کلچرل پروگرام اور نوجوانوں میں اسپورٹس اسپرٹ کیلئے کرکٹ میچز کروانے کا بھی گروپ نے فیصلہ کیا ہے جس کا بہت جلد اعلان کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ گروپ کے ورکز نے حج 2017 ءمیں اپنی رضاکارانہ خدمات انجام دی تھیں،نیز ایمنسٹی میں بھی ہم نے قونصلیٹ کے باہر اپنی خدمات انجام دی ہیں ۔ ہماری کوشش ہوگی کہ 2018 ءکے حج میں زیادہ سے زیادہ خدام الحجاج کو روانہ کریں تاکہ حاجیوں کی اچھی رہنمائی ہوسکے ۔ اس سلسلے میں ہم ہندوستانی قونصلیٹ سے رجوع ہونگے اور ٹھوس اقدامات کریں گے ۔
اجلاس میں شرکت کرنے والوں میں انیل نائیر ، عبدالوحید ، شائر شان ، آنندیو، پروین ، سید علی ، صادق ، اکرم ، اسلم اور دیگر نئے اور پرانے ممبرز کی کثیر تعداد موجود تھی ۔ تمام ممبرز نے ہندوستانی سفارتخانے اور ہندوستانی قونصلیٹ کا شکریہ ادا کیا جن کے تعاون سے ہم تارکین کی خدمت بحسن وخوبی انجام دے رہے ہیں ۔  

شیئر: