’مکہ دستکاری‘ نمائش میں روایتی اشیا اور علاقائی ثقافت اجاگر
مکہ مکرمہ کی ام القری یونیورسٹی میں کالج آف ڈیزائن اینڈ آرٹس نے دستکاری کانفرنس کا افتتاح یونیورسٹی کے ڈائریکٹر ڈاکٹر معدی آل مذھب نے کیا۔
سعودی خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق دستکاری کانفرنس کو ’شناخت اور تخلیق‘ کا عنوان دیا گیا ہے۔
کانفرنس حکومتی اداروں کے تعاون سے منعقد کی جارہی ہے جس کا مقصد سعودی ثقافت کو اجاگر کرنا ہے۔
مملکت میں رواں برس کو ’ہنڈی کرافٹس کا سال‘ قرار دیا گیا ہے اور اس کانفرنس کا انعقاد بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے۔
کانفرنس میں سعودی عرب کی روایتی دستکاری کو نمایاں کرتے ہوئے علاقائی ثقافت کو پیش کرنا ہے۔
کانفرنس میں دستکاروں کے کام کو مزید بہتر بنانے کے لیے تعلیمی ورکشاپس کا بھی اہتمام کیا گیا تاکہ ان کی صلاحیتوں کو فروغ دیا جا سکے۔

یونیورسٹی کے ڈائریکٹر نے نمائش ’مکہ دستکاری‘ کا بھی دورہ کیا جس کے تحت 100 سے زیادہ ہنر مندوں نے اپنے ہاتھ سے بنائے ہوئے فن کے نمونوں کی نمائش کی جنہیں چمڑے کی مصنوعات، پکی مٹی سے تیار کردہ صراحیاں اوردیگر روایتی اشیا شامل تھیں۔
خیال رہے ام القری یونیورسٹی میں ہونے والی کانفرنس کے انعقاد میں وزارت تعلیم، وزارت ثقافت، ہیرٹج اتھارٹی، رائل کمیشن برائے مکہ مکرمہ اور مشاعر مقدسہ کی ٹیمیں بھی شامل تھیں۔
