Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مدینہ منورہ میں مسجد قبا کے قریب ’سیرت باغات‘ منصوبے کا افتتاح

منصوبے کے تحت پہلے سایہ دار باغ کا باقاعدہ افتتاح بھی کیا گیا۔(فوٹو: ایس پی اے)
گورنرمدینہ اورریجنل ترقیاتی اتھارٹی کونسل کے چیئرمین شہزادہ سلمان بن سلطان بن عبدالعزیز نے ’سیرت باغات‘ منصوبے کا افتتاح کیا۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق ’سیرت باغات‘ ترقیاتی منصوبے کے تحت پہلے سایہ دار باغ کا باقاعدہ افتتاح بھی کیا گیا۔
پبلک انویسٹمنٹ فنڈ سے قائم ہونے والی قصص کمپنی نے ترقیاتی منصوبے پر کام کیا ہے، جس کا مقصد پیغمبر اسلام ﷺ کی سیرت طیبہ کے حوالے سے تخلیقی تجربات پیش کرنا ہے۔
اس موقع پر وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق الربیعہ ، مدینہ منورہ ریجن کے سیکرٹری و ریجنل ترقیاتی اتھارٹی کے سی ای او انجینئرفھد بن محمد البلیھشی بھی موجود تھے۔
مدینہ منورہ کی معروف مسجد قبا کے قریب  بنائے گئے ’سایہ دار باغ‘ جس کا افتتاح گورنر مدینہ منورہ نے کیا وہ 70 ہزار مربع میٹر رقبے پر محیط ہے جہاں 7 تاریخی مقامات کو نمایاں کیا گیا۔

 قصص کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹر کے چیئرمین انجینئریاسر بن سلیمان الداوود کا کہنا ہے’ کمپنی نے ثقافتی برانڈ ’السیرہ‘ تخلیق کیا ہے تاکہ نبی آخر الزمان کی سیرت طیبہ کو پیش کیا جائے جو علم و دانش اور خوبصورتی و تخلیق کا امتزاج ہو۔‘
’کمپنی کی وژن تاریخی اور ثقافتی گراں قدر اثاثوں اور مقامات کی دیکھ بھال کرنا اور ایسے مقامات کو تیار کرنا ہے جو نبی اکرم ﷺ کی سیرت طیبہ سے متعلق ہیں۔‘
انہوں نے واضح کیا کہ سیرت باغات منصوبہ ثقافتی تجربات پرمبنی ہے جو سیرت النبویہ سے اخذ کیے گئے ہیں۔ باغات میں بچوں کےلیے مخصوص مقامات ، مارکیٹ کے علاوہ اشیائے خورونوش کی دکانیں اور ریستوران بھی قائم کیے گئے ہیں۔‘

منصوبے پر تقریبا نصف ارب ریال لاگت آئی ہے۔ منصوبے کے تمام مراحل مکمل ہونے کے بعد وزیٹرز کی گنجائش سالانہ 10 ملین کے قریب ہو گی جس سے علاقے کی سیاحت میں بھی اضافہ ہوگا۔
گورنرمدینہ منورہ اور شرکا کو سیرت باغات منصوبے کے بارے میں تفصیلی طور آگاہ کرنے کے لیے دستاویزی نمائش کا بھی مشاہدہ کرایا گیا۔
تقریب کے اختتام میں گورنر کو قصص کمپنی کی جانب سے یادگاری تحائف پیش کیے گئے۔

 

شیئر: