Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی ایس ایل کی ڈرافٹنگ میں کچھ مسائل حل طلب ہیں ،شعیب اختر

  کراچی:سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے کہا ہے کہ کیریئر کی ابتدا ءمیں کراچی کے علاقے لالو کھیت سے تعلق رکھنے والے دوستوں نے میری بہت مدد کی اوروہ مجھے موٹر سائیکل پر بٹھاکر گراونڈز میں پہنچاتے تھے، میں ان کا آج بھی ممنون ہوں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار کراچی کے ایک فلاحی ادار ے کی جانب سے خیرسگالی سفیر نامزد کیے جانے کی تقریب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ مجھے جب کھیلنے کے مواقع ملنے میں رکاوٹیں پیش آئیں تو میں نے عالمی سطح کا کرکٹربننے کی ٹھان لی اور بھر پور محنت کرکے اپنے خواب کو عملی جامہ پہنایا۔ایک اور سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ مجھے سیاست نہیں آتی۔ جب میں پاکستان کرکٹ ٹیم میں شامل تھا، اس وقت بھی سیاست سے دور رہا۔ انہوں نے یہ اپیل بھی کی کہ اگرصاحب حیثیت افراد چھوٹی سی رقم بھی عطیہ کرنے لگیں تو اس سے انسانیت کی بہت خدمت ہوسکتی ہے۔ایک سوال کے جواب میں سابق فاسٹ بولر نے کہا کہ پی ایس ایل کی کامیابی کا کریڈٹ پی سی بی اور حکومت کو جاتا ہے، 8 برس کے مشکل ترین حالات کے بعد اس لیگ کی کامیابی نے پاکستانی کرکٹ کو تقویت فراہم کی ہے تاہم پی ایس ایل کی ڈرافٹنگ میں کچھ مسائل ہیں جنہیں حل کرنے کی اشد ضرورت ہے ۔شعیب اختر نے کہا کہ پی ایس ایل کا کامیابی سے ہمکنار ہونا پاکستان کرکٹ کےلئے بہت اہمیت رکھتا ہے۔اس لیگ کی وجہ سے بہت اچھا ٹیلنٹ سامنے آرہا ہے اور یہ پاکستان کرکٹ کا برانڈ بن چکی ہے۔ پی ایس ایل تھری کا فائنل کراچی میں منعقد کرانے کا فیصلہ خوش آئند ہے، اس سے برسوں سے انٹرنیشنل کرکٹ سے محروم شائقین کو اچھی کرکٹ دیکھنے کا موقع میسر آئے گا ۔

شیئر: