Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

محصورین پاکستان کی مشکلات ختم کرنے کیلئے کوشاں ہیں

جدہ.... فرینڈز آف ہیومینٹی(ایف او ایچ) کے صدر احمد کریم جنگدہ عمرہ کیلئے امریکہ سے سعودی عرب آئے تو مجلس محصورین پاکستان (پی آر سی) کے ممبران نے کنوینرانجینئرسید احسان الحق کی قیادت میں ان سے مقامی ہوٹل میں ملاقات کی۔ ملاقات میں احمد کریم نے فرینڈز آف ہیومینٹی کی سرگرمیوں کے بارے میں مکمل تفصیل سے آگاہ کیا اور کہا کہ اس ادارے کو یہ شرف حاصل ہے کہ اس نے بنگلہ دیش میں محصور پاکستانیوں کے کیمپس میں لڑکے لڑکیوں کی تعلیم کا خصوصی ا ہتمام کیا ہے اور اس مقصد کے لئے وہاں کیمپس میں اسکول بنائے گئے ہیں، اس کے علاوہ مکینوں کے لئے انکی ضروریات کے مطابق پکے مکانات کی تعمیر، صاف پینے کے پانی کا بندوبست کرنا اور ذریعہ معاش کے لئے مائیکرو فنانس کے ذریعے بلا منافع قرض دیئے جاتے ہیں۔ علاوہ ازیں رمضان اور عیدین کے موقع پر خصوصی راشن پیکیج اور کپڑے بھی دیئے جاتے ہیں۔ عیدالاضحی کے موقع پرایف او ایچ کی جانب سے قربانی کا خاص طور پر ا نتظام کیا جاتا ہے جس میں گائے اور بکرے ذبح کئے جاتے ہیں اور و ہاں کے مکینوں میں گوشت تقسیم کیا جاتا ہے۔ سردیوں کے موسم میں ٹھنڈ سے بچاؤ کے لئے کمبل اور گرم کپڑے بھی فرا ہم کئے جاتے ہیں۔ بیماروں کیلئے حسب ضرورت طبی امداد دی جاتی ہے،الغرض جو بھی خدمت خلق کا کام انکی استطاعت میں ہوتا ہے وہ سب کے سب بلا تفریق کرتے ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ امریکہ میں مقیم انکے قدیم دوست اور بانی رکن وجنرل سیکریٹری سید احتشام ارشد نظامی نے اس ادارے کے لئے بے لوث خدمات انجام دی ہیں۔مجلس محصورین پاکستان کے وفد کے کنوینرانجینیئر سید احسان الحق نے کہا کہ ہم کوشاں ہیں کہ محصورین پاکستان کی مشکلات جلد از جلد ختم ہوں اور وہ جلد ان کیمپوں سے اپنے وطن پاکستان آ سکیں۔ انھوں نے ان تفاصیل سے بھی آگاہ کیا جو انھوں نے وقتاً فوقتاًحکومت وقت کے متعلقہ افراد اور اداروں تک پہنچائیں ۔ وفد میں شامل معروف سابق سعودی سفارتکار، کالم نویس، جنوب ایشیائی امور کے ماہرڈاکٹر علی الغامدی نے احمد کریم سے محصورین پاکستان کے بارے میں تمام متعلقہ ضروری امور پر تبادلہ خیال کیا۔ ڈاکٹر علی الغامدی نے محصورین پاکستان کے لئے اپنی ذاتی خدمات ہر وقت پیش کرنے کا اعلان کیا۔

شیئر: