Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مدھیہ پردیش کے شہری کے پیٹ سے 263سکے اور 100کیلیں برآمد

ستنا،مدھیہ پردیش.... کچھ لوگ بے خیالی میں عجیب و غریب قسم کی چیزیں ہر وقت چباتے نظرآتے ہیں اور انہی چیزوں میں سے بہت سی چیزیں پیٹ میں بعض اوقات چلی جاتی ہیں اور انسان کو اس کا احساس ہی نہیں ہوتاکہ اسکی حماقت نے پیٹ کا کیا حال کررکھا ہے ۔ ایسا ہی کچھ مقامی اسپتال میں داخل ہونے والے ایک شخص کے ساتھ دیکھا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق مقصود خان نامی 35سالہ شخص کو پیٹ میں شدید تکلیف ہورہی تھی او راس نے اسکا علاج بھی کرایا مگر جب پیٹ کی تکلیف پھر بھی کم نہ ہوئی تو وہ اسپتال پہنچا جہاں اس کی اسکیننگ ہوئی تو پتہ چلا کہ پیٹ میں کوئی زہریلا مادہ نہیں بلکہ دھات کی متعدد چیزیں موجود ہیں۔ ڈاکٹروں کا پہلے خیال تھا کہ شاید یہ شخص فوڈ پوائزنگ کا شکار ہوا ہے مگر آپریشن کے بعد اسکے پیٹ سے جو چیزیں برآمد ہوئیں ان میں 263سکے اور 100کیلیں موجود تھیں جبکہ دھات کے چھوٹے چھوٹے بے شمار ذرات بھی پیٹ سے برآمد ہوئے۔ اب ڈاکٹروں نے سرجری کے بعد اس کے پیٹ سے یہ ساری فالتو چیزیں نکال لی ہیں جسکا مجموعی وزن 7کلو گرام بتایا جاتا ہے۔ ڈاکٹروں کو اسو قت شدید حیرت ہوئی جب وہ اس مریض کا انڈو اسکوپی کرنے پر تل گئے تھے مگر پھر ماہرین کی رائے یہ ہوئی کہ مختلف تجربات میں پڑنے کے بجائے اچھا یہ ہے کہ پیٹ کا آپریشن کرلیا جائے اور جو کچھ ہے دیکھ لیا جائے۔ پیٹ سے جو چیزیں برآمد ہوئیں اس میں شیونگ بلیڈ، پتھر، شیشے کے ٹکڑے اور 6انچ لمبی ایک آہنی زنجیر بھی شامل ہے۔ کہا جاتا ہے کہ مقصود خان خلل دماغ کا بھی مریض تھا اور شاید اس نے اسی وجہ سے شروع میں اپنے پیٹ کی حالت لوگوں سے چھپائے رکھی اور حد یہ کہ اس نے عزیزوں اوردوستوں کو بھی نہیں بتایا مگر جب تکلیف حد سے زیادہ ہوئی تو اسے بتانا ہی پڑا کہ اسے کیا تکلیف ہے۔ آپریشن کرنے والی ٹیم کی انچارج ڈاکٹر پریان شرما نے شکر ادا کیا ہے کہ اس شخص کی جان بچ گئی ہے مگر اسکی ذہنی حالت ایسی ہی رہی تو وہ پھر اس عادت میں مبتلا ہوسکتا ہے اسلئے آپریشن سے صحتیابی کے بعد ضروری ہے کہ وہ کسی ماہر نفسیات سے رجوع کرے۔

شیئر: