مدینہ کے پارکس اور تفریحی مقامات جو معیار زندگی کو بہتر بنا رہے ہیں
جمعرات 15 جنوری 2026 20:48
سعودی عرب کے تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی تعطیلات کے دوران مختلف شہروں کے تفریحی مقامات پر شہریوں اورغیرملکیوں کی تعداد میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق دیگر شہروں کی طرح مدینہ منورہ میں بھی تفریحی مقامات پر رونقیں عروج پر ہیں۔
مدینہ کے پارک اور تفریحی مقامات، معیار زندگی بہتر کرنے کے ساتھ فیملیز کو تفریح سے لطف اندوز ہونے کے لیے ایک مثالی ماحول فراہم کرتے ہیں۔
مدینہ منورہ میں شاہ فہد پارک، الجبل پارک اور الخالدیہ پارک زیادہ مشہور ہیں۔ مختلف علاقوں میں چھوٹے بڑے پارک اور گرین بیلٹس بھی موجود ہیں۔
انتظامیہ نے پارکوں کے ساتھ واکنگ ٹریکس، پلے گراؤنڈ اور دیگر سہولتیں فراہم کی ہیں۔ ان تمام مقامات پر ہر عمر کے افراد کے لیے سہولتیں موجود ہیں۔

گرین ایریاز، واک ویز اور پلے ایریا کے ساتھ پارکوں میں مخصوص افراد کی سہولت کے لیے گزرگاہیں بنائی گئی ہیں۔
ریجنل بلدیہ کی جانب سے ’روشن پارک‘ منصوبے کے تحت مختلف مقامات پر روشنی کا خصوصی اہتمام کیا گیا ہے جن میں الاسکان، شوران، الجبل پارک و دیگر مقامات شامل ہیں۔
پارکوں کے قریب فوڈ ٹرکس اور سٹالز بھی ہیں تاکہ تفریح کے لیے آنے والوں کو اشیائے خورونوش بآسانی مل سکیں۔

ریجنل بلدیہ اور مدینہ ڈیویلپمنٹ اتھارٹی نے شہر کے پارکوں اور تفریحی انفراسٹرکچر کو اپ گریڈ کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔
اس کا مقصد خدمات کے معیار اور شہری منظرنامے کو بہتر بنانا ہے جو کوالٹی آف لائف پروگرام کے اہداف کے مطابق ہے۔
