Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

یوپی:بلدیاتی انتخابات میں ضابطہ اخلاق کی دھجیاں اڑائی گئیں

    لکھنؤ۔۔۔۔۔۔مہوبا میں ایک آزاد امیدوار سنتوشی سونی نے یہاں ضابطہ اخلاق کی دھجیاں اڑائیں اور لائن  میں کھڑے ووٹروں کو کھلے عام چاندی کے سکے اور لفافوں میں نوٹ رکھ کر دیے تاکہ وہ لوگ اسی کو اپنا ووٹ دیں۔ اس کی شکایت جب پریزائڈنگ افسر اور پولیس سے کی گئی تو ان لوگوں نے اسے نظر انداز کرنے کی کوشش کی لیکن جب ہنگامے کی نوبت آگئی تو پولیس اہلکار موقع پر اس وقت پہنچے جب وہاں نہ تو چاندی کا سکہ اور نوٹ بانٹنے والے تھے اور نہ ہی قطار میں کھڑے وہ ووٹ ڈالنے والے ۔فرضی ووٹ ڈالنے کی شکایت قنوج سے بھی موصول ہوئی ہے جہاں ڈی ایم اور ایس پی نے موقع پر پہنچ کر خطاکاروں کو گرفتار کرلیا۔ ضلع گونڈہ کے اترولہ میں بی جے پی کے امیدوار نے پولیس والوں کو کھلے عام  دھمکیاں دیں ، بتایا جاتا ہے کہ یہاں وہ لوگ فرضی ووٹنگ کرانا چاہتے تھے لیکن پولیس نے سختی کی تو بی جے پی کارکن سنگین نتائج کی دھمکیاں دیتے ہوئے چلے گئے۔ضلع ایٹہ کے ایک بوتھ پر جم کر خشت باری ہوئی ، مارپیٹ کی نوبت آگئی، کرسیاں توڑی گئیں ، لیکن ووٹنگ رکی نہیں ۔ بریلی سے موصولہ اطلاع کے مطابق پولنگ بوتھ پر تشدد کا واقعہ ہوا اور2 فریقوں میں جم کر گولیاں چلیں جس میں رضا احمد نام کا ایک شخص زخمی ہوگیا ، اسے داخل اسپتال کیا گیا ہے۔

شیئر: