Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بی سی سی آئی پر52کروڑ روپے جرمانہ

 
نئی دہلی:ہند میں مسابقت کی نگرانی کرنے والے کمیشن نے انڈین پریمیئر لیگ کے معاملے پرہندوستانی کرکٹ بورڈ بی سی سی آئی پر 52کروڑروپے جرمانہ عائد کیا ہے۔مسابقتی کمیشن نے کہا ہے کہ ہندوستانی بورڈ نے اپنی حیثیت کا ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے براڈکاسٹرز کا یہ مطالبہ پورا کیا کہ وہ آئی پی ایل کے مقابلے میں کسی اورایسے ٹورنامنٹ کی اجازت نہیں دے گا۔کمیشن نے بی سی سی آئی سے کہا ہے کہ وہ 2ماہ کے اندر اندر52کروڑ روپے یا 80 لاکھ ڈالر جرمانہ ادا کرے۔آئی پی ایل 2008 ءمیں شروع ہوئی اور آغاز ہی سے اس کے حقوق ایک نجی ٹی وی نیٹ ورک کے پاس تھے تاہم ستمبر میں ایک اور چینل نے 2018 تا 2022 تک کے حقوق 2.55 ارب ڈالر میں خرید لیے تھے۔ یہ گزشتہ معاہدے سے ڈیڑھ گنا زیادہ رقم ہے اور اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ آئی پی ایل دنیا کی مہنگی ترین اسپورٹس لیگز میں سے ایک ہے۔
مزید پڑھیں:سری لنکن آل راونڈ ر شناکا پرگیند کھرچنے کا 75 فیصد میچ فیس جرمانہ
مسابقتی کمیشن نے 2013 ءمیں بھی فیصلہ دیا تھا کہ بی سی سی آئی کے نجی چینل کے ساتھ طے پانے والے معاہدے کی ایک شق غیر قانونی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ بورڈ آئی پی ایل کی طرز کی کسی اور ٹی ٹوئنٹی لیگ کی اجازت نہیں دے گا تاہم بورڈ نے اس کے خلاف اپیل کی تھی جو تسلیم کر لی گئی تھی۔اب کمیشن دوبارہ اسی نتیجے پر پہنچا ہے اور اس نے وہی جرمانہ عائد کیا ہے جو پہلے کیا گیا تھا۔بی سی سی آئی کا کہنا ہے کہ بولی دہندگان کا اصرار تھا کہ یہ شق شامل کی جائے تاہم کمیشن نے کہا ہے کہ بی سی سی آئی نے کوئی توجیہہ پیش نہیں کی کہ یہ خود ساختہ پابندی کس طرح سے کرکٹ کے مفاد میں ہے جس کے تحت آئی پی ایل کے مقابلے پر کسی اور ٹورنامنٹ کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ ہندوستانی بورڈ کی جانب سے اس معاملے پر ابھی کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔

شیئر: