Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسلامی ارکان کی پابندی گھبراہٹ سے محفوظ رکھتی ہے، امام حرم

مکہ مکرمہ.... مسجد الحرام کے امام و خطیب شیخ ڈاکٹر سعود الشریم نے واضح کیا ہے کہ اسلامی ارکان باجماعت نماز ، زکوٰة، رمضان کے روزے، حج بیت اللہ اور توحید کی پابندی معاشرے کو گھبراہٹ سے محفوظ رکھتی ہے۔ وہ ایمان افروز روحانی ماحول میں جمعہ کا خطبہ دے رہے تھے۔ امام حرم الشریم نے بتایا کہ زندگی ہمیشہ ایک جیسی نہیں رہتی۔ کبھی خوشگوار ہوائیں چلتی ہیں تو کبھی بیماری پیدا کرنے والی آلودہ ہوائیں اٹھ کھڑی ہوتی ہیں۔ پانی کے چشمے ہمیشہ صاف شفاف نہیں رہتے۔ بعض اوقات آلودہ ہو جاتے ہیں۔ زندگی مدوجزر ، غمی و خوشی ، دکھ اور مسرت کے مجموعے کا نام ہے۔ یہ اللہ تعالیٰ کا نظام ہے۔ ازل سے ہے ابد تک رہے گا۔ اللہ تعالیٰ نے بنی نوع انسان کو عطا کردہ نعمتوں پر اپنا احسان جتاتے ہوئے قرآن پاک میں انتباہ دیا ہے کہ" محمد! کہہ دو تمہارا کیا خیال ہے کہ اگر اللہ تعالیٰ تمہارے اوپر دائمی رات قیامت تک مسلط کر دے تو اللہ کے سوا کون خدا ہے جو تمہیں روشنی عطا کردے۔ کیا تم سنتے نہیں ہو۔ محمد! کہہ دو تمہارا کیا خیال ہے کہ اگر اللہ تعالیٰ تمہارے اوپر ہمیشہ دن تھوپ دے تو اللہ کے سوا کون ہے جو تمہارے لئے سکون بخش رات لا سکے۔ کیا تم دیکھتے نہیں ہو"۔ امام حرم نے مزید کہا کہ گھبراہٹ انسانی فطرت کا اٹوٹ حصہ ہے۔ ایک گھبراہٹ حقیقی ہوتی ہے اور دوسری گھبراہٹ فرضی ہوتی ہے۔ اللہ تعالیٰ نے ہمیں ہر حالت کے حوالے سے نمٹنے کا سبق سکھایا ہے۔ جو لوگ پابندی سے نماز ادا کرتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ کی عطا کردہ نعمتیں حق داروں پر خرچ کرتے ہیں۔ رب کے عذاب سے ڈرتے ہیں ۔ اپنوں کی آبرو کی حفاظت کرتے ہیں۔ امانتیں اہل حق کو پہنچاتے ہیں۔ ایسے معاشرے کے لوگ گھبراہٹ میں نہیں پڑتے۔ ایسے لوگوں کے سکون کو اللہ تعالیٰ خوف میں تبدیل نہیں کرتا۔ امام حرم نے حاضرین کو مخاطب کرتے ہوئے سوال کیا کہ ذرا اس قوم کے بارے میں سوچئے جسے اللہ تعالیٰ نے کتاب ہدایت سے نواز رکھا ہو او روہ اس کی پابند ہو بھلا ایسی قوم گھبراہٹ او رپریشانی میں کیونکر مبتلا ہو سکتی ہے۔ امام حرم نے نصیحت کی کہ اہل ایمان امید کو اپنی پہچان بنائیں۔ ناامیدی کے بھنور میں نہ پھنسیں۔ انہو ںنے کہا کہ افواہیں پھیلانے والوں کے اسیر نہ بنیں۔ چون چرا کرنے والوں کے چکرمیں نہ پڑو۔ ہر آواز اور چیخ و پکار کو اپنے خلاف جنگ کا بگل نہ گردانو۔ دوسری طرف مدینہ منورہ کی مسجد نبوی کے امام وخطیب شیخ عبدالمحسن القاسم نے جمعہ کا خطبہ دیتے ہوئے توجہ دلائی کہ اللہ تعالیٰ نے ہمیں بے شمار نعمتوں سے نوازا ہوا ہے۔ پانی اللہ تعالیٰ کی انمول نعمت ہے ا س کی حفاظت کی جائے۔ اللہ تعالیٰ ہمیں بارش ، چشموں، نہروں اور دریاﺅں کی شکل میں پانی کے ذخائر عطا کئے ہوئے ہے۔ اللہ تعالیٰ پانی برسانے کیلئے بہت سارے انتظامات کئے ہوئے ہے۔ پانی کے بے شمار فوائد ہیں۔ اللہ تعالیٰ نے ہر جاندار مخلوق پانی سے بنائی ہے۔ پانی سے انواع واقسام کے پھل، غلہ جات اور ہزارو ں نعمتیں تیار ہوتی ہیں۔ پانی کے ترکیبی عناصر معلوم ہونے کے باوجود دنیا بھر کے لوگ یہ نعمت تخلیق کرنے کی قدرت نہیں رکھتے۔ اللہ تعالیٰ نے پانی کی نعمت عطا کرنے پر بندوں پر احسان جتایا ہے۔ 

شیئر: