Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسلام آباد کا ’المناک واقعہ‘، وزیراعلیٰ مریم نواز کی کل کی مصروفیات اور بسنت شو منسوخ

مریم نواز نے کہا کہ ’قومی سانحے پر یکجہتی کے اظہار کے لیے فیصلہ کیا گیا۔‘ (فوٹو: اے ایف پی)
وزیر اعلٰی پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں ہونے والے دھماکے کے بعد انہوں نے لاہور میں اپنی شیڈول سرگرمیاں منسوخ کر دی ہیں۔
مریم نواز نے جمعے کو ’ایکس‘ پر لکھا کہ ’اسلام آباد کے المناک واقعے کے پیشِ نظر میں کل کے لیے طے شدہ اپنی بسنت سے متعلق تمام سرگرمیاں منسوخ کر رہی ہوں۔ لبرٹی سکوائر پر ہونے والا میگا بسنت شو بھی منسوخ کر دیا گیا ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’یہ وقت کی اہم ضرورت ہے کہ قوم ’خارجی‘ فتنے اور ان کے ’سہولت کاروں‘ کے خلاف متحد رہے، ان پر کسی قسم کا رحم نہ کرے اور ملک کے دفاع کے لیے اپنی مسلح افواج کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑی ہو۔‘
مریم نواز نے کہا کہ ’قومی سانحے پر یکجہتی کے اظہار کے لیے فیصلہ کیا گیا، قوم خوارجی فتنے اور اس کے سہولت کاروں کے خلاف متحد رہے۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’پاکستانی قوم کو اپنی امیدیں ٹوٹنے نہیں دینی چاہییں۔ اس کے برعکس، ہمیں آج ہی ایک غیر مبہم فیصلہ کرنا ہوگا کہ ہم متحد اور یکجا ہو کر دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کھڑے ہوں گے، اور دہشت گردوں اور اُن کے ہمدردوں کے چنگل سے اپنا امن اور خوشحالی چھین کر واپس لیں گے۔ یہ ہمارا ملک ہے اور ہمیں اسے حملہ آوروں سے بچانے کا عہد کرنا ہوگا۔ یہ ہماری ذمہ داری ہے، فرض ہے اور قرض ہے۔‘
اس سے قبل جمعے ہی کو لاہور میں تین روزہ بسنت میلے کے بھرپور آغاز پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا تھا کہ ’شہری اپنی پریشانیاں بھلا کر نیلے آسمان میں اُڑتی پتنگوں اور خوشیوں پر توجہ دیں، کیونکہ آج لاہور میں صرف پتنگیں نہیں بلکہ خوشیاں اُڑ رہی ہیں۔‘

مریم نواز نے خبردار کیا کہ ممنوعہ ڈور کے استعمال پر بھاری جرمانے اور طویل قید کی سزا ہو سکتی ہے (فوٹو: اے ایف پی)

مریم نواز نے ’زندہ دلانِ لاہور کا شکریہ‘ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ بسنت کی خوشیاں منائیں، حکومت آپ کے ساتھ ہے۔
وزیراعلیٰ نے عوام پر زور دیا کہ حفاظتی اقدامات پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور صرف مقررہ سائز اور معیار کے مطابق پتنگیں اور ڈور استعمال کی جائیں۔
انہوں نے خبردار کیا کہ ممنوعہ ڈور کے استعمال پر بھاری جرمانے اور طویل قید کی سزا ہو سکتی ہے۔ پتنگ بازی کے لیے دھاتی تار، تندی، بلٹ پروف مٹیریل اور چرخی کا استعمال غیر قانونی قرار دیا گیا ہے، جبکہ سول ایوی ایشن کے علاقوں میں پتنگ بازی کی اجازت نہیں ہوگی۔

 

شیئر: