Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اللہ اور اس کے رسول سے محبت ہی کامیابی کی ضامن ہے ،احمد الدین اویسی

استاد نظام علی خان کی 30 سالہ خدمات پر شیلڈ پیش کی گئی ، مدینہ میں نعت سناکر فخر محسوس کرتا ہوں ، نظام علی 
جدہ (امین انصاری ) مدینہ منورہ کی معروف شخصیت نواب محبوب علی خان ( ناظم رباط)نے استاد نظام علی خان کے اعزاز میں مدینہ منورہ میں نعتیہ محفل کا اہتمام کیا ۔ صدارت بزم اتحاد گلوبل کے صدر احمد الدین اویسی نے کی ۔مہمان خصوصی کی حیثیت سے حیدرآباد دکن سے آئے ہوئے مشہور شاعر و نعت خواں ڈاکٹر طیب پاشاہ قادری کو مدعو کیا گیا ۔راقم الحروف نے نظامت کے فرائض انجام دیتے ہوئے شرکائے محفل اورنعت خواں حضرات کا استقبال کیا اور کہا کہ کسی بھی نعت خواں کیلئے یہ اعزاز ہے کہ وہ شہر رسول صلی اللہ علیہ وسلم میں نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وسلم پڑھے ۔
نواب محبوب علیخان نے کہا کہ خوبصورت آواز میں نعتیہ کلام سننے سے ذہن و دل کے دریچے کھل جاتے ہیں ۔ انہوں نے استاد نظام علی خان کے بارے میں کہا کہ موصوف گزشتہ 30 سال سے اپنی آواز کا جادو سعودی عرب اور دنیا کے بے شمار ممالک میں جگا رہے ہیں ۔ان کا فن لوگوں کو اپنا گِرویدہ بنالیتاہے ۔ شہرت کے باوجود عجز و انکساری ان میں بدرجہ اتم پائی جاتی ہے۔ نظام علی خان کو اس موقع پر توصیفی شیلڈ صدر محفل احمد الدین اویسی نے دی جبکہ نواب محبوب علیخان نے انہیں عمامہ پہنایا ۔
احمد الدین اویسی نے کہا کہ نعت پڑھنے اور کہنے میں بہت احتیاط کی ضرورت ہے۔ ذرا سی بھی غلطی ہمارے اعمال کے ضائع ہونے کا سبب بن جاتی ہے ۔ انہوں نے آداب کو ملحوظ رکھنے کی ہر شخص کو ہدایت کی اور کہا کہ اللہ اور اس کے نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم سے محبت ہی ہماری آخرت کی سرخروئی وکامیابی کی ضامن ہے اور یہ تب ہی ممکن ہے جب ہم احکام الہٰی اور سنت رسول صلی اللہ علیہ وسلم پر عمل پیرا ہوں ۔ 
استاد نظام علی خان نے کہا کہ دیار حبیب صلی اللہ علیہ سلم میں نعت کے 2 شعر پڑھتے ہوئے فخر اور شان محسوس کرتا ہوں ۔ مدینہ منورہ میں حاضری جہاں میرے لئے سعادت ہے وہاں میرے چاہنے والوں کی جانب سے میری پذیرائی باعث رحمت اور برکت ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے اس ملک سے بے پناہ محبت ہے کیونکہ یہاں حرم مکی اور حرم مدنی موجود ہیں ۔یہاں کے لوگ اپنے عزیزوں سے بھی زیادہ محبت کرنےوالے ہیں، ان سے جو پیار ملا وہ ہمیشہ یاد رکھونگا۔ انہوں نے کہا کہ نواب محبوب علی خان نے میرے اعزاز میں محفل منعقد کرکے میری حوصلہ افزائی کی ہے جس کیلئے انکا مشکور ہوں ۔
مہمان خصوصی ڈاکٹر طیب پاشاہ قادری نے کہا کہ دنیا کے کونے کونے سے امت محمدیہ صلی اللہ علیہ وسلم درود کے نذرانے بھیجتی ہے لیکن خوش نصیب ہیں وہ جو روضہ رسول صلی اللہ علیہ وسلم پر پہنچ کر سلام عرض کرتے ہیں ۔ آج میرے لئے بھی دنیا کا سب سے عظیم دن ہے کہ شہر رسول صلی اللہ علیہ وسلم میں پہنچ کر خاتم النبین صلی اللہ علیہ وسلم کی مدح سرائی کررہا ہوں ۔یہ میری زندگی کا انتہائی اہم اور قابل فخر دن ہے ۔انہو ںنے کئی نعتیں سناکر شرکائے محفل کے دلوں کو محبت رسول صلی اللہ علیہ وسلم سے سرشار کیا ۔ 
اس محفل میں فرید نظام الدین ، ڈاکٹر عبدالجبار محوی ، ڈاکٹر سید سعدالدین ، محمد سعید ، حافظ محمد حکیم احمد اورراقم الحروف نے نعت سناکر داد حاصل کی ۔ 
٭٭٭٭٭٭٭٭ 

شیئر: