Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تحریک مزاحمت یمن کو حوثیوں سے نجات دلادے گی،سعودی کابینہ

ریاض..... سعودی کابینہ نے اس یقین کا اظہار کیا ہے کہ ایران کے حمایت یافتہ فرقہ پرست حوثیوں کے خلاف یمنی عوام کی تحریک بیداری انتفاضہ کی بدولت برادر ملک یمن ، سرکاری و نجی املاک پر قبضوں، دھماکوں،خونریزی کی دھمکیوں اور شہریوں کو ٹھکانے لگانے والی وارداتوں سے نجات حاصل کرلے گا۔ کابینہ کا اجلاس منگل کو ریاض کے قصر یمامہ میں خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیر صدارت منعقدہوا۔ اجلاس کے بعد وزیر ثقافت و اطلاعات عواد بن صالح العواد نے بتایا کہ سعودی کابینہ نے ایک بار پھر اس خواہش کا اظہار کیا کہ یمن میں امن و استحکام قائم ہو اور وہ ماضی کی طرح مستقبل میں بھی عرب برادری کا حصہ بن جائے۔ یمنی عوام کے مفادات پورے ہوں ۔ یمن کا عرب تشخص بحال ہو۔ امن وامان قائم ہو اور عرب علاقائی و بین الاقوامی دائرے میں اپنا سماجی تشخص اور اتحاد بازیاب کرلے۔ العواد نے بتایا کہ کابینہ میں خطے اور دنیا کے حالات حاضرہ پر متعدد رپورٹیں پیش کی گئیں۔ کابینہ نے لندن میں یمنی بحران سے متعلق عالمی اجلاس کے جاری کردہ مشترکہ اعلامیے کا خیر مقدم کیا۔ خود کے دفاع اور امن و استحکام کو درپیش خطرات سے نمٹنے کی بابت سعودی عرب کے حق کی تائید و حمایت پر لندن اعلامیہ پر قدرو منزلت کا اظہار کیا۔ کابینہ نے اس بات پر مسرت کا اظہار کیا کہ لندن اعلامیہ میں سعودی عرب پرحوثیوں کے بیلسٹک میزائل حملے کو علاقائی امن کیلئے خطرہ تسلیم کیا گیا۔ کابینہ نے لندن اعلامیہ کی اس بات کا بھی خیر مقدم کیا جس میں حوثیوں اور انکے اتحادیوں کے حملوں کو فوری طور پر قابو کرنے کی ضرورت پر زوردیاگیا تھا۔

شیئر: