Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ڈاکٹر طیب پاشاہ قادری کو اردو اکیڈمی نے سپاس نامہ پیش کیا

اردو کسی مذہب کی زبان نہیں ،بے شمار ہندو شعراء، ادیب ، فلاسفر اور ڈاکٹر بھی اردو کی خدمت کررہے ہیں 
جدہ(امین انصاری ) اردو اکیڈمی جدہ نے دکن سے آئے ہوئے شاعر ڈاکٹر طیب پاشاہ قادری کو ان کی اردو کیلئے کی جانے والی خدمات پر سپاس نامہ پیش کیا ۔کارگزار صدر اردو اکیڈمی جدہ شیخ ابراہیم اور خازن حافظ محمد عبدالسلام نے اکیڈمی کے ذمہ داران سید محمد خالد مدنی ، منور علی خان ، اسلم افغانی ، لیاقت علی خان اور یوسف الدین کی موجودگی میں ڈاکٹر طیب پاشاہ کو شیلڈ پیش کی اس موقع پر الطاف شہریار، قدرت نواز بیگ اور دیگر احباب موجود تھے ۔
شیخ ابراہیم نے کہا کہ اردو اکیڈمی وطن عزیز میں اردوکیلئے بہترین خدمات انجام دینے والے شاعر، ادیب اور اساتذہ کو ہر سال گولڈ میڈل عطا کرتی ہے تاکہ ان کی بہتر کارکردگی عوام کے سامنے آئے ۔ ڈاکٹر طیب پاشاہ قادری کو گزشتہ 35 سال سے اردو کی خدمت اور اردو سے والہانہ محبت پر اردو اکیڈمی نے جدہ آمد پر اعتراف خدمات کے طور پرسپاس نامہ پیش کیا ۔ 
ڈاکٹر طیب پاشاہ نے اس موقع پر کہا کہ اردو ہماری مادری زبان ہے اس کی حفاظت اور اسکو عام کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے ۔ اردو کسی مذہب کی زبان نہیں بلکہ یہ ہندوستان کی سرزمین سے وجود میں آنے والی زبان ہے چنانچہ یہ پورے ہندوستانیوں کی زبان ہے ۔ بے شمار ہندو شعراء، ادیب ، فلاسفر اور ڈاکٹرز اردو کی خدمت کررہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ آج ہندوستان کی فلم انڈسٹری اردو کی مرہون منت ہے اگر اردو کوفلموں سے نکال دیں تو انڈسٹری ختم ہوجائے گی ۔انہوں نے خوشی کا اظہار کیا کہ دیار غیر میں اردو اکیڈمی اردو کیلئے سرگرداں ہے ۔مملکت سے شائع ہونے والا اردو نیوز تارکین وطن کیلئے بہترین تحفہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نسل نو کو اردو سے آشنا کرائیں تاکہ یہ زبان خوب پھلے اور پھولے ۔ انہو ںنے اردو اکیڈمی کا شکریہ ادا کیا کہ اس نے انہیں سپاس نامہ عطا کیا ۔ 
********

شیئر: