Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جے یو آئی ہمیشہ عسکریت پسندی کی مخالف رہی ہے ، مولانا یوسف لغاری

 مملکت میں ہم وطنوں کی خدمت کےلئے جے یو آئی کا ویلفئیر ونگ بہتر طور پر کام کر رہا ہے ،سردار کامران اعظم کا تقریب سے خطاب
جدہ ( ارسلان ہاشمی ) جمعیت علمائے اسلام جدہ کے امیر مولانا یوسف خان لغاری نے کہا ہے کہ انکی جماعت پاکستان کی واحد مذہبی و سیاسی جماعت ہے جس نے ہر دور میں ملک و قوم کے تحفظ اور وطن عزیز کے استحکام کےلئے کام کیا ۔ آمریت ہو یا جمہوریت ہمیشہ مذہبی طبقے کی بھر پور نمائندگی کی ۔ مقامی ہوٹل میں اخبار نویسوں سے خطاب کرتے ہوئے انہو ںنے مزید کہا کہ جمعیت کی تاریخ گواہ ہے کہ ہم نے ہمیشہ عسکریت پسندی کی مدلل مخالفت کی اور اسے اسلامی شریعت و آئین پاکستان کے منافی قرار دیا ۔جے یو آئی ہمیشہ سے اسلام کے عادلانہ نظام کی داعی رہی ہے۔ مولانا یوسف نے مزید کہا ملکی استحکام ، قومی فلاح و بہبود ، جمہوری نظام کی مضبوطی ، مقننہ کی بالادستی اور آئین پاکستان کو تمام چیزوں پر مقدم رکھنا ہی جے یو آئی کی سیاست کا محور ہے ۔ قبل ازیں جے یو آئی کے سینئر نائب امیر کامران اعظم نے جدہ یونٹ کی کارکردگی پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا جے یو آئی سیاسی ہی نہیں بلکہ سماجی میدان میں بھی نمایاں ہے ۔ مملکت میں مقیم کمیونٹی کی بلا تفریق خدمت کرتے ہیں اور اجر رب تعالی سے ہی طلب کرتے ہیں ۔ سماجی خدمت کے لئے جے یو آئی کا شعبہ فلاح عامہ برسوں سے کام کررہا ہے۔ جس کے تحت ایسے افراد جو مملکت میں انتقال کر جاتے ہیں انکے لواحقین کی مدد کےلئے رقم فراہم کی جاتی ہے تاکہ فوری طور پر لواحقین کی مدد کی جاسکے ۔ اس حوالے سے گزشتہ ایک برس کے دوران جاں بحق ہونے والے 12 افراد کے لواحقین کی مدد کی گئی ۔ کامران اعظم نے مزید کہا کہ ہم مملکت کے قوانین کو مد نظر رکھتے ہوئے فلاحی اور رفاہی کام کرتے ہیں۔ انہو ںنے مزید کہا کہ فلاحی کاموں کےلئے ہمیں اپنے مفید مشوروں سے نوازیں۔ تقریب کا آغاز قاری تاج محمد ہزاروی کی تلاوت آیات ربانی سے ہواجبکہ مدرسہ عبداللہ بن زبیر کے طالب علم عثمان جیلانی نے نعتیہ کلام پیش کیا ۔ نظامت کے فرائض جے یو آئی کے ریجنل سیکرٹری جنرل قاری محمد سلیم خان نے انجام دیئے ۔ 

شیئر: