پاکستان کے خلائی پروگرام میں اہم پیش رفت، خلابازوں کے انتخاب کے دوسرا مرحلہ مکمل
ہفتہ 7 فروری 2026 14:44
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
امیدوار چھ ماہ تک چین کے آسٹروناٹس سینٹر میں جدید خلابازی کی تربیت حاصل کریں گے (فوٹو: سپارکو)
پاکستان سپیس اینڈ اپر ایٹموسفیئر ریسرچ کمیشن (سپارکو) نے پاکستان کے ہیومن سپیس فلائٹ پروگرام میں ایک اور اہم سنگِ میل عبور کر لیا ہے۔
پاکستانی افواج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق خلاباز امیدواروں کے انتخاب کے دوسرے مرحلے کو کامیابی سے مکمل کر لیا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ’پاکستان میں ابتدائی سکریننگ کے بعد دو امیدواروں کو شارٹ لسٹ کیا گیا، جنہوں نے چین کے آسٹروناٹس سینٹر (اے سی سی) میں بین الاقوامی معیار کے مطابق طبی، نفسیاتی اور اہلیتی ٹیسٹ کامیابی سے مکمل کیے۔
’شارٹ لسٹ کیے گئے امیدوار چھ ماہ تک چین کے آسٹروناٹس سینٹر میں جدید خلابازی کی تربیت حاصل کریں گے، جس کے بعد ایک امیدوار کو اکتوبر یا نومبر 2026 میں چینی خلائی سٹیشن پر خلائی مشن کے لیے منتخب کیا جائے گا۔‘
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ تعاون فروری 2025 میں طے پانے والے ’آسٹروناٹ کوآپریشن ایگریمنٹ‘ کے تحت کیا جا رہا ہے جو وزیراعظم پاکستان کی قیادت اور وژن کا نتیجہ ہے۔
’وزیراعظم کی خصوصی دلچسپی اور معاونت نے پاکستان کو عالمی انسانی خلائی پرواز کے پروگرام میں شامل ہونے کا موقع فراہم کیا۔‘
پریس ریلیز میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ منصوبہ عوامی جمہوریہ چین کی حکومت کے بھرپور تعاون کا مظہر ہے۔
’چین نے پاکستان کو اپنے خلاباز پروگرام میں پہلے غیرملکی شراکت دار کے طور پر منتخب کیا، جو دونوں ممالک کے مضبوط تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔‘
یہ پیش رفت پاکستان کے خلائی شعبے میں ایک تاریخی کامیابی قرار دی جا رہی ہے، جس سے مستقبل میں سائنسی تحقیق اور بین الاقوامی تعاون کے نئے دروازے کھلنے کی توقع ہے۔
