Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان وینٹی لیٹر پر ہے، حکمران پاور سپلائی کاٹ رہے ہیں ، علی محمد خان

حرمین کا تقدس ہمیں اپنی جانو ں سے زیادہ عزیز ہے ، کے پی کے کی تاریخ میں پہلی بارقرآنی تعلیم رائج اور سودی نظام کے خلاف قانون سازی کی گئی ، پی ٹی آئی پاکستان کے رہنما کا تقریب سے خطاب 
جدہ ( رپورٹ و تصویر ارسلان ہاشمی ) پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی علی محمد خان نے کہا ہے کہ حرمین شریفین کا تقدس ہر پاکستانی کےلئے اپنی جانوں سے زیادہ عزیز ہے ۔ سرزمین حرمین کے خلاف کی جانے والی ہر سازش ناکام ہو گی ۔ وہ پی ٹی آئی جدہ کی جانب سے اپنے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کررہے تھے جس میں مختلف شہروں سے تحریک کے کارکنوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔ علی محمد خان نے مزید کہا کہ وطن عزیز پاکستان کو رب تعالی نے ہر نعمت عطا کی ہے مگر حکمرانوں کی بدعنوانی نے عوام کو اس کے ثمرات سے دور کر دیا ۔ ہم پاکستان کی جانب اٹھنے والے ہر ہاتھ کو کاٹ دیں گے اور بدعنوانی کے عفریت کو فنا کے گھاٹ اتار کر دم لیں گے ۔ ہم آئندہ نسلوں کے لئے ایسا وطن تعمیر کر رہے ہیں جو علامہ کے خوابوں کی تعبیر اور قائد کے فرمودات کی عملی تصویر ہو ۔ علی محمد خان نے مزید کہا خیبر پختونخوا کی تاریخ میں پہلی بار سودی نظام کے خلاف قانون سازی کی گئی ۔اسکولوں میں پہلی جماعت سے لیکر دسویں تک قرآنی تعلیم ترجمے کے ساتھ لازمی قرار دی ہے ۔ اس اقدام کے اثرات چند برس بعد معاشرے پر بخوبی نمایاں ہو ں گے کیونکہ جب یہ بچے تعلیم مکمل کر لیں گے توو ہ اپنی زندگیوں کو قرآن کریم کی رہنمائی میں گزار سکیں گے ۔ خان نے مزید کہا ہم تبدیلی کا نعرہ ہی نہیں لگاتے بلکہ عملی طور پر اس کےلئے کوشاں ہیں ۔ تبدیلی اس وقت موثر ہوتی ہے جب آغاز اپنی ذات سے کیا جائے ۔ کسی بھی فرد، معاشرے ، یا جماعت میں بہتری اسی وقت آتی ہے جب وہاں خود احتسابی کا عمل حقیقی طور پر موجود ہو ۔ہم نے پاکستان تحریک انصاف میں خود احتسابی کومکمل طور پر رائج کیا اور اس اصول پر سختی سے کاربند ہیں ۔ کسی سے سوال وہی کر سکتا ہے جو خود جواب دینے کی اہلیت رکھتا ہو ۔ ہم احتساب کے لئے ہر وقت تیار رہتے ہیں ۔ رکن اسمبلی نے مزید کہا پی ٹی آئی ایک مورچہ ہے اور ہم اس مورچے میں اس لئے جمع ہو ئے ہیں کہ اسلام کا حقیقی معنوں میں دفاع کر سکیں ۔ میں آج نواز شریف سے سوال کرتا ہوں کہ کیا یہ وہی مسلم لیگ ہے جسے قائد اعظم نے بنایا تھا ؟ اس وقت حالات اس قدر مخدوش ہو چکے ہیں کہ ہمیں متحد ہو کر وطن عزیز کے لئے کام کرنا ہو گا ۔ یقین کریں پاکستان وینٹی لیٹر پر ہے جبکہ موجود حکمران وینٹی لیٹر کی پاور سپلائی کاٹنے کی کوشش کررہے ہیں اور ہم یہ نہیں ہو نے دیں گے بلکہ وطن عزیز کو ان مخدوش حالات سے نکالنے کےلئے اپنی جانوں کی قربانی سے بھی دریغ نہیں کریں گے ۔ قبل ازیں پی ٹی آئی مڈ ل ایسٹ کے چیف آرگنائزر ذوالقرنین علی خان نے مڈل ایسٹ میں ممبر سازی کے حوالے سے بتایا کہ گزشتہ ایک بر س کے دوران مڈل ایسٹ میں ہماری ممبرسازی مہم غیر معمولی طور پر تیز ہو ئی اس دوران 25 ہزار سے زائد ممبران کی رکنیت سازی کی گئی جبکہ یہ سلسلہ تیزی سے جاری ہے ۔ مملکت میں مقیم پاکبان مقامی قوانین کا خیال رکھتے ہوئے کام کریں اور کسی بھی صورت میں قانون شکنی کے مرتکب نہ ہوں ۔ سعودی عرب ہمارا دوسرا گھر ہے حرمین کا تقدس ہر پاکستانی کے دل میں ہے ۔ تقریب سے پی ٹی آئی کے ریجنل صدر سلطان عبدالباسط ، جنرل سیکریٹری قاسم دستی اور نائب صدر ڈاکٹر راشدعلی شاہ نے بھی خطاب کیا جس میں انہو ںنے اس عزم کا اظہار کیا کہ ویسٹرن ریجن میں پارٹی بنیاد پر تمام اختلافات کو ختم کر کے ایک پلیٹ فارم قائم کیا گیا ہے ۔ آئندہ آنے والے انتخابات کےلئے بھرپور انداز میں کام کریں گے تاکہ ملک میں بڑے پیمانے پر تبدیلی لائی جاسکے ۔

شیئر: