سعودی عرب اور پاکستان کا سکیورٹی اور انسدادِ دہشت گردی تعاون بڑھانے پر اتفاق
گذشتہ برس دونوں ممالک نے ایک اہم دوطرفہ دفاعی معاہدے پر دستخط کیے تھے (فوٹوـ پی ایم آفس)
ریاض میں ہونے والی ایک اہم ملاقات میں سعودی عرب اور پاکستان نے سکیورٹی اور انسدادِ دہشت گردی کے شعبوں میں تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کر لیا۔ یہ ملاقات اُس وقت ہوئی جب پاکستان کے وزیرِ مملکت برائے داخلہ، طلال چوہدری، سعودی نائب وزیرِ داخلہ عبدالعزیز بن محمد بن ایّاف سے ملنے ریاض پہنچے۔
گذشتہ چند برسوں کے دوران دونوں ممالک کے درمیان دفاعی اور سلامتی کے تعلقات میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ پچھلے سال دونوں ممالک نے ایک اہم دوطرفہ دفاعی معاہدے پر دستخط کیے تھے، جس کے تحت کسی ایک ملک پر ہونے والی جارحیت کو دونوں کی مشترکہ سلامتی کے لیے خطرہ تصور کیا جائے گا۔
عرب نیوز کے مطابق طلال چوہدری نے ملاقات کے بعد جاری ایک بیان میں کہا کہ ’پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مسلسل رابطہ خطے میں امن و استحکام کے لیے نہایت ضروری ہے۔‘
بیان میں یہ بھی بتایا گیا کہ دونوں فریقین نے سکیورٹی تعاون بڑھانے اور دہشت گردی کے خلاف مشترکہ اقدامات میں تیزی لانے پر اتفاق کیا ہے۔
ریاض میں قیام کے دوران طلال چوہدری نے پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے ورلڈ ڈیفنس شو 2026 میں بھی شرکت کی۔ یہ بین الاقوامی دفاعی نمائش دنیا بھر کی مسلح افواج، حکومتوں اور دفاعی صنعت کے بڑے اداروں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرتی ہے۔
اپنے دورے کے دوران پاکستانی وزیرِ مملکت نے سعودی قیادت کو وزیراعظم شہباز شریف اور وزیرِ داخلہ محسن نقوی کی جانب سے رمضان المبارک کی آمد پر تہنیتی پیغام بھی پہنچایا۔
