Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹی20 ورلڈ کپ: پاکستان کی مسلسل دوسری کامیابی، امریکہ کو 32 رنز سے ہرا دیا

پاکستان کی جانب سے عثمان طارق نے امریکہ کے تین بیٹرز کو آؤٹ کیا (فوٹو: اے ایف پی)
آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ میں پاکستان نے امریکہ کو 32 رنز سے شکست دے کر ایونٹ میں مسلسل دوسری کامیابی حاصل کرلی۔
منگل کو سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو میں کھیلے گئے میچ میں امریکہ کی ٹیم 191 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 158 رنز ہی بنا سکی۔
امریکہ کی جانب سے شبھم رنجنے اور شایان جہانگیر نے عمدہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہدف حاصل کرنے کی کوشش کی۔
شبھم رنجنے 51 رنز بنانے کے بعد شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے جبکہ شایان جہانگیر نے 49 رنز کی اننگز کھیلی اور شاداب خان کی بال پر شاہین شاہ آفریدی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔
پاکستان کی جانب سے عثمان طارق نے تین، شاداب خان نے دو جبکہ شاہین آفریدی، محمد نواز اور ابرار احمد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستان کے 9 وکٹوں پر 190 رنز
اس سے قبل آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ میں پاکستان نے امریکہ کو جیتنے کے لیے 191 رنز کا ہدف دیا تھا۔
کولمبو میں ٹاس ہارنے کے بعد پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 190 رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے صاحبزدہ فرحان نے 41 گیندوں پر 73 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 5 چھکے اور 6 چوکے شامل تھے۔ انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
بابر اعظم نے بھی تیزرفتار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 32 بالز پر 46 رنز بنائے۔ شاداب خان نے 12 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 30 رنز بنائے۔
اوپنر صائم ایوب 19 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹے، پاکستان کے پانچ بیٹرز ڈبل فِگرز میں داخل نہ ہو سکے۔
امریکہ کی جانب سے شیڈلی وین شالکویک نے پاکستان کے چار بیٹرز کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ سوربھ نریش نیتراوالکر، محمد محسن اور ہرمیت سنگھ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

امریکہ کی جانب سے شبھم رنجنے 51 رنز بنانے کے بعد شاہین آفریدی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے (فوٹو: اے ایف پی)

اس سے قبل آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ میں امریکہ نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔
کولمبو میں امریکہ کے خلاف پاکستان کی پلیئنگ الیون میں صرف ایک تبدیلی کی گئی تھی، سلمان مرزا کی جگہ عثمان طارق کو شامل کیا گیا تھا۔
دوسری جانب امریکہ کی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئیں، علی خان اور سائتیجا مکاملہ کی جگہ احسان عادل اور شایان جہانگیر نے ٹیم کی نمائندگی کی۔
پاکستان کی پلیئنگ الیون اِن کھلاڑیوں پر مشتمل تھی۔
پاکستان کی پلیئنگ الیون میں صاحبزادہ فرحان، صائم ایوب، سلمان علی آغا (کپتان)، بابر اعظم، عثمان خان (وکٹ کیپر)، شاداب خان، محمد نواز، فہیم اشرف، شاہین آفریدی، عثمان طارق اور ابرار احمد۔
امریکہ کی پلیئنگ الیون اِن کھلاڑیوں پر مشتمل تھی۔
اینڈریس گوس (وکٹ کیپر)، شایان جہانگیر، مونانک پٹیل (کپتان)، ملند کمار، شبھم رنجنے، سنجے کرشنامورتھی، ہرمیت سنگھ، محمد محسن، شیڈلی وین شالکویک، سوربھ نریش نیتراوالکر اور احسان عادل۔
واضح رہے کہ یہ آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ میں پاکستان کی مسلسل دوسری کامیابی ہے، اس سے قبل ایونٹ میں پاکستان نے اپنے پہلے میچ میں نیدرلینڈز کو تین وکٹوں سے شکست دی تھی۔

 

شیئر: